• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا کے باعث سادگی سے عیدالفطر منائی گئی

شائع May 24, 2020 اپ ڈیٹ May 25, 2020
کراچی میں ہونے والے طیارے حادثے کی وجہ سے سادگی کے ساتھ عیدالفطر منائی جا رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں ہونے والے طیارے حادثے کی وجہ سے سادگی کے ساتھ عیدالفطر منائی جا رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے ساتھ اور دو دن قبل کراچی میں ہونے والے طیارے حادثے کی وجہ سے ملک بھر میں سادگی کے ساتھ عیدالفطر منائی گئی۔

عیدالفطر سے قبل ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کے لیے کم از کم 2 ماہ تک لاک ڈاؤن نافذ رہا تھا، تاہم رمضان المبارک کے وسط میں عید کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی تھی اور سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز عید کے اجتماعات کی بھی اجازت دی گئی تھی۔

اس سے قبل مساجد میں نماز جمعہ سمیت دیگر اجتماعی عبادات پر پابندی عائد تھی۔

مزید پڑھیں: دیگر مسلم ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کل عید ہوگی، فواد چوہدری

حکومت کی جانب سے نماز عید کے اجتماعات کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجازت دیے جانے کے بعد ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے اور اس موقع پر حکومتی احتیاطی تدابیر پر عمل بھی کیا گیا۔

پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مساجد سمیت عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

اس دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، ساتھ ہی کورونا وائرس کے باعث لوگوں نے گھروں میں بھی نمازِ عید ادا کی۔

یہ بھی پڑھیں: عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، وزیر مذہبی امور

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں دارالعلوم، میمن عیدگاہ گراؤنڈ کھارادر، سبیل والی مسجد گرو مندر، تھانوی مسجد لائنز ایریا، بنوری ٹاؤن مسجد، کنزالایمان مسجد، زینب مسجد اور دیگر عیدگاہوں اور مساجد میں نمازِ عید ادا کی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 997 مساجد، 33 امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔

نماز عید کے دوران کورونا وائرس اور طیارہ حادثے سے جاں بحق افراد کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔

عید کے اجتماعات میں فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی اور کورونا وائرس کے خاتمے، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔

قبل ازیں وزیر اطلاعات شببلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث گھروں میں نماز عید کی ادائیگی میں آسانی کے لیے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) صبح ساڑھے 7 بجے فیصل مسجد سے نماز عید نشر کرے گا۔

خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں عیدالفطر ایک ساتھ منائی جارہی ہے اس سے قبل 2016 میں بھی ایک عید منائی گئی تھی۔

تمام انسانوں سے معاشرتی فاصلوں پر عمل کرنے کی درخواست، صدر مملکت

عید الفطر کے موقع پر جاری پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں عیدالفطر کی نماز گھر پر ادا کروں گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ میری تمام پاکستانیوں بلکہ تمام انسانوں سے درخواست ہے کہ وہ معاشرتی فاصلوں پر عمل کریں، ماسک پہنیں، اپنے ہاتھ دھوئیں تاکہ وہ خود اور اپنے عزیز خاندان والوں اور دوستوں کو کورونا سے محفوظ رکھیں، انشا اللہ پاکستان اس مشکل سے کامیاب ہوکر نکلے گا۔

اس بار جہاں کورونا وائرس کی وجہ سے سادگی سے عید منائی جا رہی ہے، وہیں عید سے 2 روز قبل کراچی ایئرپورٹ کے قریب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا مسافر طیارہ تباہ ہونے اور 97 افراد کے جاں بحق ہونے کے سوگ میں بھی سادگی سے عید منائی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024