طیارہ حادثے کے شکار افراد میں ماڈل زارا عابد بھی شامل
کراچی میں گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 بھی معروف ماڈل زارا عابد بھی سوار تھیں۔
اس طیارے میں 99 افراد سوار تھے اور محکمہ صحت سندھ کے حکام نے بتایا ہے کہ 2 مسافر زبیر اور ظفر مسعود حادثے میں بچ گئے، جبکہ 97 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔
زارا عابد پاکستان فیشن انڈسٹری میں تیزی سے اوپر کی جانب جارہی تھی اور رواں سال انہوں نے ہم اسٹائل ایوارڈز میں بہترین فیمیل ماڈل کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
انہوں نے انڈسٹری کے لگ بھگ معروف ڈیزائنرز کے ساتھ کام کیا اور کیرئیر کا آغاز ثنا صفی ناز کے ساتھ کیا جبکہ بہت جلد عظیم سجاد کی فلم چوہدری سے بڑی اسکرین پر بھی ڈیبیو کرنے والی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی ٹیم تشکیل
سوشل میڈیا پر زارا عابد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں زبردست اور محنتی اسٹار قرار دیا گیا۔
اداکارہ عائشہ عمر نے اپنی پوسٹ میں لکھا 'زارا اور میں نے اپنے سب سے بڑے ایوارڈز اکٹھے اس سال جنوری میں ہم اسٹائل ایوارڈز میں جیتے تھے، وہ ہماری آخری ملاقات تھی اور پہلی بار تھا جب میں اس سے جڑ سکی میں نے ہی اسے ایوارڈ دیا تھا اور وہ خوشی سے اسٹیج پر رونے لگی تھی'.
انہوں نے مزید لکھا 'میں اس کے بارے میں بہت زیادہ نہیں جانتی تھی مگر اپنے دوستوں سے سنتی رہتی تھی کہ وہ کتنی اچھی شخصیت کی مالک ہے، وہ محنت سے کام کرکے اپنے خاندان کو سپورٹ کرتی اور بہت بڑے خواب دیکھتی تھی، جن میں سے کچھ کی تو تعبیر مل گئی، مگر وہ بہت جلد ہمیں چھوڑ کر چلی گئی، ہم اس دن کو بھول نہیں سکیں گے، یہ خوفناک دہادہائی ہے کہ زندگی کتنی ناقابل پیشگوئی ہے، زارا اور اس کے خاندان کے ساتھ طیارے میں سوار تمام افراد کے ورثا کے لیے دعائیں، اللہ انہیں صبر دے، تم نے زندگی میں کچھ ٹھیک کیا ہوگا جب ہی جمعتہ الوداع کو دنیا سے جانے کا موقع ملا'۔
اداکارہ صبا قمر نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا 'زارا میں تم کو ذاتی طور پر تو نہیں جانتی تھی مگر میں یہ خبر سن کر بہت افسردہ اور مکمل طور پر ٹوٹ چکی ہوں'۔
ایمن خان نے بھی زارا عابد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس کے ساتھ دل ٹوٹنے کی ایموجی کیپشن میں دی۔