پاکستان میں 90 فیصد مریضوں میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا، رپورٹ
پشاور: ملک میں کووِڈ 19 سے متاثرہ 90 فیصد مریضوں میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 7 فیصد افراد کو وائرس ان سے لگا جو بیرونِ ملک کا سفر کر کے آئے تھے جبکہ 3 فیصد ایران سے آنے والے زائرین کے رابطے میں آنے کی وجہ سے بیمار ہوئے۔
مذکورہ رپورٹ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے وزارت صحت کے تحت تیار کی جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں 98 فیصد مریضوں میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا جبکہ بلوچستان میں 95 فیصد، سندھ میں 93 فیصد، آزاد کشمیر میں 88 فیصد، پنجاب میں 87 فیصد، خیبرپختونخوا میں 86 فیصد اور گلگت بلتستان میں 68 فیصد افراد مقامی سطح پر وائرس کی ترسیل سے متاثر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز 50 ہزار سے تجاوز کرگئے، اموات 1067 ہوگئیں
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مارچ کے اوائل میں مقامی سطح پر وائرس کی ترسیل کی شرح 48 فیصد تھی لیکن پھر یہ متاثرہ افراد سے آبادی میں پھیل گیا۔
اس میں کہا گیا کہ تبلیغی جماعت سے ملک میں 7 فیصد وائرس کی ترسیل ہوئی جس میں پنجاب میں 13 فیصد، خیبر پختونخوا میں 5 فیصد جبکہ سندھ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں یہ شرح ایک فیصد رہی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کے سرکاری ہسپتالوں میں 2 ہزار 356 ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود ہیں جس میں سے 702 کووِڈ 19 کے مریضوں کے لیے مختص ہیں۔
تاہم اس میں سے صرف 112 کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں جبکہ 368 دیگر امراض میں مبتلا مریض استعمال کررہے ہیں اور ایک ہزار 876 وینٹی لیٹرز خالی ہیں، اس طرح وینٹی لیٹرز کے استعمال کی شرح 16 فیصد ہے۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کیلئے 10فیصد رعایت کی اعلان
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں وینٹی لیٹرز کی تعداد سب سے زیادہ ایک ہزار 321، سندھ میں 501، اسلام آباد میں 233، خیبرپختونخوا میں 195، بلوچستان میں 61، آزاد کشمیر میں 39 اور گلگت بلتستان میں 9 ہے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ 48 فیصد، پنجاب میں 37 فیصد، سندھ میں 28 فیصد، اسلام آباد میں 11 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں جبکہ بلوچستان میں کوئی وینٹی لیٹر استعمال میں نہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک بھر میں کووِڈ 19 کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے وائرس لگنے سے ایک ہزار 247 ہیلتھ ورکرز متاثر ہوئے۔
متاثرہ ہیلتھ ورکرز میں 643 ڈاکٹرز، 394 پیرا میڈیکس اور معاون عملہ اور 210 نرسز شامل ہیں جبکہ وائرس سے اب تک 12 ڈاکٹر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تارکین وطن کی مدد کرنے والے پاکستانی نژاد امریکی کا کورونا وائرس سے انتقال
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے 735 صحت کے سہولیاتی مقامات پر 21 ہزار 85 بستر کووِڈ 19 کے مریضوں کے لیے مختص کیے گئے۔
اس وقت ملک میں 9 ہزار 431 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 9 ہزار 118 کی حالت تشویشناک نہیں ہے جبکہ 204 کی حالت تشویشناک اور 109 کو وینٹی لیٹر پر مصنوعی تنفس دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ فروری کے اواخر سے ملک میں پھیلنے والا وائرس 50 ہزار 694 افراد کو اپنا شکار بنا چکا ہے جبکہ 15 ہزار 201 افراد صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے البتہ ایک ہزار 67 مریض انتقال کر گئے۔