• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

پی آئی اے کا ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کیلئے 10فیصد رعایت کی اعلان

شائع May 22, 2020
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے ٹکٹوں میں رعایت دی—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے ٹکٹوں میں رعایت دی—فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کورونا وائرس کے دوران ملک بھر کے ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے لیے 10 فیصد رعایت کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ایک بیان میں کہا تھا کہ فضائی سفر کے ٹکٹوں میں رعایت دینے کا مقصد ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی خدمات کو تسلیم کرنا اور 'کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ہیروز کو خراج تحسین' پیش کرنا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں جاری کورونا وبا سے لڑنے میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت طبی عملے کے دیگر لوگ صف اول کے سپاہیوں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن لازمی خدمات قانون کے ماتحت کردیا گیا

اسی فرائض کی انجام دہی کے دوران ملک میں متعدد ڈاکٹرز اور طبی عملے کے افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سیکڑوں اس سے متاثر ہیں۔

علاوہ ازیں ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان کا کہنا تھا کہ عید سے قبل اور بعد پی آئی اے دفاتر پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کا کارڈ دکھا کر رعایتی ٹکٹس کو حاصل کیا جاسکے گا۔

دوسری جانب پی آئی اے کی جانب سے عیدالفطر کے تناظر میں مقامی پروازوں پر تمام کلاسز کے لیے چیک شدہ سامان الاؤنس میں 15 کلوگرام کے اضافے کا اعلان کردیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافروں کو مقامی پروازوں پر 35 کلو گرام چیک شدہ سامان کی اجازت ہوگی تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ اضافہ صرف عید کے لیے کیا گیا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث لگائی گئی پابندیوں کے نرم ہونے کے بعد 16 مئی سے ملک کے 5 بڑے ہوائی اڈوں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سے اندرون ملک پروازوں کا محدود آپریشن بحال ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار پی آئی اے کو امریکا کیلئے براہِ راست پروازوں کی اجازت

تاہم بین الاقوامی پروازوں کی معطلی میں 31 مئی تک توسیع کردی گئی تھی۔

خیال رہے کہ ایوی ایشن ڈوژن نے مقامی مسافروں اور چارٹرڈ فلائٹ آپریشن کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز اور گائیڈلائنز جاری کی تھیں۔

جس میں بورڈنگ سے قبل طیارے کو جراثیم کش کرنے، مسافروں کے درمیان ایک نشست کے خالی رکھنے اور ماسکس پہنے اور ہینڈ سینیٹائزر کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024