• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

'ارطغرل غازی' کو نشر کرنے سے میرے 35 روپے وصول ہوگئے'

شائع May 22, 2020
ارطغرل غازی کو 24 مئی سے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
ارطغرل غازی کو 24 مئی سے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیے جانے والے ترک ڈرامے 'دیریلیش ارطغرل' جسے اردو میں ترجمہ کرکے 'ارطغرل غازی' کے نام سے چلایا جا رہا ہے، اس پر جہاں پاکستانی شوبز شخصیات میں دو رائے پائی جاتی ہیں۔

وہیں اب کچھ شوبز شخصیات نے ڈرامے کو پی ٹی وی پر چلانے کی حمایت کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اب عوام سے بجلی کے بل کی مد میں فیس وصول کرنا چھوڑ دے۔

معروف اداکارہ حمیمہ نے ٹوئٹر پر 'دیریلیش ارطغرل' کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی ڈراما چلانے سے ان کے 35 روپے وصول ہوگئے۔

حمیمہ ملک نے اپنی ٹوئٹ میں 'دیریلیش ارطغرل' کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے پی ٹی وی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس بہترین ڈرامے کو نشر کر رہی ہے۔

حمیمہ ملک نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'دیریلیش ارطغرل' کو پی ٹی وی پر چلانے سے ان کی جانب سے سرکاری ٹی وی کو بجلی کے بل کی مد میں دیے جانے والے 35 روپے وصول ہوگئے اور ترک ڈراما ان کے 35 روپے کی کل قیمت ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ترک ڈرامے کے مواد کو اچھا قرار دیتے ہوئے لوگوں کو اس سے محظوظ ہونے کا بھی کہا۔

حمیمہ ملک کی طرح اداکار واسع چوہدری نے بھی 'دیریلیش ارطغرل' کو پی ٹی وی پر چلانے پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کردیا کہ اب پی ٹی وی بجلی کے بل کی مد میں عوام سے 35 روپے وصول کرنا چھوڑ دے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' پر پاکستانی شوبز ستارے منقسم

واسع چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں 'دیریلیش ارطغرل' کو پی ٹی وی پر نشر کرنے پر کوئی اعتراض نہیں اور اب چوں کہ سرکاری ٹی وی نے ترک ڈرامے کی توسط سے اربوں اور کھربوں روپے کمالیے ہیں تو انتظامیہ کو بجلی کے بل کی مد میں قوم سے 35 روپے وصول کرنا بند کرنے چاہیے۔

تاہم واسع چوہدری کے مطالبے پر کئی لوگ ناراض بھی دکھائی دیے اور انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی خاطر سرکاری ٹی وی کو 35 روپے تو کیا 200 روپے بھی دینے کو تیار ہیں۔

کچھ لوگوں نے کہا کہ جب ہم لوگ وطن کی خاطر جان دے سکتے ہیں تو 35 روپے کیوں نہیں دے سکتے جب کہ کسی نے واسع چوہدری کو یاد دلایا کہ اب سرکاری ٹی وی بجلی کے بل کی مد میں 35 روپے نہیں بلکہ 100 روپے وصول کرتا ہے۔

خیال رہے کہ پہلے 'دیریلیش ارطغرل' کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے پر شوبز شخصیات دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہیں، معروف اداکار شان، ریما، یاسر حسین اور منشا پاشا سمیت دیگر اداکار ترک ڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے پر ناخوش دکھائی دیے۔

جب کہ مرزا گوہر، خالد عثمان بٹ اور نیلم منیر جیسے اداکار 'دیریلیش ارطغرل' کو پی ٹی وی پر نشر کرنے پر خوش دکھائی دیے۔

مزید پڑھیں: کہیں آپ بھی غلط 'ارطغرل غازی' تو ڈاؤن لوڈ نہیں کر رہے؟

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے۔

ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے کو وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر یکم رمضان سے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا گیا تھا اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024