• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

فلسطین نے سی آئی اے سے سیکیورٹی رابطے منقطع کردیے

شائع May 22, 2020
صائب عریقات نے کہا کہ ہم صرف عوامی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے جا رہے ہیں—فوٹو: رائٹرز
صائب عریقات نے کہا کہ ہم صرف عوامی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے جا رہے ہیں—فوٹو: رائٹرز

فلسطین نے اسرائیل اور امریکا کے ساتھ سیکیورٹی سے متعلق تمام معاہدے ختم کرنے کے بعد سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) سے بھی سیکیورٹی رابطے منقطع کردیے۔

گزشتہ روز فلسطین کے صدر محمود عباس نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے بڑے حصے کو الحاق کرنے کے منصوبے پر اسرائیل اور امریکا کے ساتھ سیکیورٹی سمیت تمام معاہدے منسوخ کردیے تھے۔

مزید پڑھیں: فلسطینی صدر کا امریکا، اسرائیل سے تمام معاہدے ختم کرنے کا اعلان

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات نے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے دو روز قبل واشنگٹن کو بتا دیا تھا کہ ان کی انتظامیہ اب اسرائیل اور امریکا کے ساتھ معاہدوں بشمول سیکیورٹی کوآرڈینیشن پر عملدرآمد کی پابند نہیں ہے۔

سی آئی اے کے ساتھ تعاون پر انہوں نے ایک ویڈیو کال میں صحافیوں کو بتایا کہ ’فلسطینی صدر کے خطاب کے ساتھ ہی رابطے منقطع ہوگئے تھے‘۔

واضح رہے کہ فلسطینیوں نے 2017 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں امریکی امن کوششوں کا بائیکاٹ کے باوجود سی آئی اے کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون جاری رکھا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ فلسطین کو داخلی سطح پر حماس کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل کے تعاون کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیل کا گھر پر فضائی حملہ، فلسطینی کمانڈر ہلاک

فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات نے کہا کہ حالات بدل چکے ہیں اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بدلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ سلامتی تعاون مزید نہیں رہا اور اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی رابطہ اب باقی نہیں رہا۔

صائب عریقات نے کہا کہ ہم صرف عوامی نظم و ضبط اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تمام معاہدے ختم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کو اب عالمی برادری کے سامنے قابض کی حیثیت سے اپنے ذمہ داریاں اٹھانا پڑے گی۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ فلسطین بطور رکن ریاست بین الاقوامی تنظیموں میں شامل ہونے کے لیے اپنی مہم کو تیز کرے گا اور اس سے امریکی دفاع کی مخالفت کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کا اسرائیل اور فلسطین کے لیے امن منصوبے کا اعلان

اس سے قبل اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل میں حلف اٹھانے والی نئی حکومت کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی خود مختاری کا اطلاق کرنا چاہیے۔

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خود مختاری کا دعویٰ بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔

انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں یہودی آباد کاریوں کے معاملے پر کہا تھا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیلی قانون کو نافذ کریں اور صہیونیت کی تاریخ کا ایک اور شاندار باب لکھیں‘۔

بعد ازاں اردن کے بادشاہ نے اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ اگر فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے حصوں کو الحاق کرنے کا منصوبہ جاری رہا تو بڑے پیمانے پر تنازع جنم لے سکتا ہے۔

اسرائیل نے یہودی بستیوں اور وادی اردن کو الحاق کرنے کا وعدہ کیا ہے جو ایک طویل عرصے سے تعطل کا شکار امن عمل کے خاتمے کا عملی جواز بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اردن، مغربی ممالک کا اتحادی ملک ہے اور ان دو عرب ریاستوں میں سے ایک جس نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر کے 250 سے زائد فنکاروں اور مصنفین نے اسرائیل سے فلسطین کی مغربی پٹی غزہ کے محاصرے کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی فوج سے 'جھڑپوں' میں 3 فلسطینی جاں بحق

انہوں نے کہا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل پر کورونا وائرس کے تباہ کن اثرات پڑسکتے ہیں۔

عالمی فنکاروں نے آن لائن خط میں کہا تھا کہ کورونا وائرس سے پہلے ہی غزہ میں شعبہ صحت بدترین صورتحال سے دوچار ہے اور اقوام متحدہ پیشگوئی کرچکا ہے کہ 2020 تک ساحلی پٹی رہائش کےقابل نہیں رہے گی۔

خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ 2007 سے اسرائیلی ناکہ بندی سے محصور ساحلی علاقے غزہ میں غربت کی بلند شرح اور کمزور نظام صحت کے باعث اس وائرس کا پھیلاؤ تباہ کن ہوسکتا ہے۔

فلسطینیوں کے لیے اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں میں اسرائیلی حکام سے تعمیرات کی اجازت لینا نہایت مشکل ترین مرحلہ ہے اور انسانی حقوق کے رضاکاروں کا ماننا ہے کہ اس کی وجہ سے گھروں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا اسرائیل سے 5 کروڑ ڈالر کا دفاعی معاہدہ

اسرائیل نے 1967 میں 6 روزہ جنگ کے بعد مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم پر قبضہ کیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے مشرقی یروشلم کو اپنی ریاست کا حصہ بنا لیا تھا جس کو بین الاقوامی برادری کی جانب سے کبھی تسلیم نہیں کیا گیا۔

اسرائیل نے بیریئر کی تعمیرات کا کام سنہ 2000 میں شروع کیا تھا اور اسے اپنی حفاظت کے لیے ناگزیر قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے لیے امن منصوبے کا اعلان میں کہا تھا جس کے تحت یروشلم (بیت المقدس) اسرائیل کا 'غیر منقسم دارالحکومت' رہے گا جبکہ فلسطینیوں کو مشرقی یروشلم میں دارالحکومت ملے گا اور مغربی کنارے کو آدھے حصے میں نہیں بانٹا جائے گا۔

فلسطینیوں نے ایسی کسی بھی تجویز کو مسترد کردیا تھا جو پورے مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارالحکومت نہیں دکھائے کیونکہ اس علاقے میں مسلمانوں، یہودیوں اور عسائیوں کے مقدس مقامات موجود ہیں۔

تاہم امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں کہا تھا کہ یروشلم، اسرائیل کا غیر منقسم دارالحکومت رہے گا۔

مزید پڑھیں: فلسطینی آخر جائیں تو جائیں کہاں؟

امریکا کی جانب سے پیش کردہ امن منصوبے میں مغربی پٹی میں اسرائیلی آباد کاری کو تسلیم کرلیا گیا تھا اور ساتھ ہی مغربی کنارے میں نئی بستیاں آباد کرنے پر 4 سال کی پابندی لگائی گئی۔

امریکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق امن منصوبہ تنازع کے کلیدی مسائل پر اسرائیل کی حمایت کرتا ہے جس کی وجہ سے ماضی میں سرحدوں سمیت امن کی کوششیں متاثر ہوئیں اور اس میں فلسطینیوں کو ریاست دینے کے لیے تقریباً ناممکن حالات موجود ہیں۔

امن منصوبے پر اقوام متحدہ اور یورپ کی جانب سے غیر جانبدارانہ ردعمل دیا گیا جبکہ اہم اسلامی ممالک نے اسے مسترد کرتے ہوئے فلسطین سے غداری قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024