• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس کیلئے ویکسین پر جلد بھروسہ نہیں کروں گا، سائنسدان

شائع May 21, 2020
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ماسکس پہنیں، ہاتھ دھوئیں، جگہ صاف کریں اور فاصلہ برقرار رکھیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ماسکس پہنیں، ہاتھ دھوئیں، جگہ صاف کریں اور فاصلہ برقرار رکھیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

ایک نامور امریکی سائنسدان نے کہا ہے کہ حکومتوں کو عالمی وبا (کووِڈ 19) کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بیماری کے علاج کے لیے جلد بننے والی کامیاب ویکسین پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔

کینسر، ایچ آئی وی/ایڈز اور انسانی جینوم کے منصوبوں پر ابتدائی تحقیق کرنے والے ویلیئم ہیسٹ لائن نے کہا کہ بہتر طریقہ یہ ہے کہ انفیکشن کا احتیاط سے سراغ لگایا جائے اور جب یہ پھیلنا شروع ہو تو آئیسولیشن کے سخت اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 'جب کہ کووڈ 19 کی ویکسین تیار کی جارہی ہے میں اس پر اعتماد نہیں کرسکتا‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل دیگر اقسام کے کورونا وائرس کے لیے تیار کی گئی ویکسینز ناک کی اندرونی جھلی کو محفوظ رکھنے میں ناکام رہیں جہاں عموماً وائرس جسم میں داخل ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی پہلی ویکسین کے انسانوں پر ابتدائی نتائج سامنے آگئے

انہوں نے کہا کہ مؤثر علاج یا ویکسین کے بغیر بھی وائرس کو انفیکشن کی شناخت، متاثرہ افراد کو تلاش کر نے کے بعد انہیں آئیسولیٹ کر کے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ماسکس پہنیں، ہاتھ دھوئیں، جگہ صاف کریں اور فاصلہ برقرار رکھیں۔

ویلیئم ہیسٹ کا کہنا تھا کہ چین اور دیگر ایشیائی ممالک نے اس حکمت عملی کا کامیابی سے استعمال کیا ہے جبکہ امریکا اور دیگر ممالک نے وائرس کے خطرے کا شکار تمام افراد کو ’جبری طور پر تنہا‘ کرنے کے لیے کافی اقدامات نہیں کیے۔

سائنسدان کا کہنا تھا کہ چین، جنوبی کوریا اور تائیوان نے انفیکشنز کو قابو کرنے کے لیے بہترین اقدامات کیے جبکہ امریکا، روس اور برازیل نے سب سے بری کارکردگی دکھائی۔

مزید پڑھیں: امریکی کورونا ویکسین کا انسانی آزمائش کا پہلا مرحلہ کامیاب

ان کا مزید کہنا تھا کہ تجرباتی کووِڈ 19 کی ویکسین کے جانوروں پر تجربے سے جسم کے دیگر اعضا مثلاً پھیپھڑوں میں وائرس کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملی تاہم وائرس موجود رہا۔

علاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو کووِڈ 19 سے صحتیاب ہونے والے افراد کی جانب سے انٹی باڈیز سے بھرا عطیہ کردہ پلازما لگایا جارہا ہے اور دوا ساز اس سیرم کے ریفائینڈ اور سیر شدہ محلول تیار کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہائپر امیون گلوبلن کے نام سے معروف پروڈکٹس سے پہلا حقیقی علاج ہونے جارہا ہے۔

واضح رہے کہ عام طور پر ایک ویکسین کی تیاری میں کئی برس لگتے ہیں مگر کورونا وائرس کی وبا کے پھیلنے کی رفتار کے باعث ویکسین کی تیاری بھی بہت تیزی سے ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں 2 کورونا ویکسینز کی انسانوں پر آزمائش کی منظوری

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اس عالمی وبا کا شکار بن کر 3 لاکھ 28 ہزار 368 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 50 لاکھ 11 ہزار 467 ہوگئی ہے تاہم اس سے صحتیاب ہونے والوں کہ تعداد 19 لاکھ 8 ہزار 581 ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024