• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

کورونا وبا: سندھ میں ایک روز میں ریکارڈ 20 اموات، ملک میں متاثرین 49 ہزار سے زائد

شائع May 21, 2020 اپ ڈیٹ May 22, 2020
پاکستان میں وبا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں وبا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وبا کا پھیلاؤ ہر گرزتے دن کے ساتھ تیز ہورہا ہے اور آج بھی نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 49 ہزار 497 جبکہ اموات 1052 ہوگئیں۔

اس وبا کا آغاز تو اگرچہ گزشتہ برس دسمبر میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے ہوا تھا لیکن دیکھتے ہی دیکھتے یہ پوری دنیا میں پھیل گئی اور اب تک دنیا بھر میں 50 لاکھ سے زائد لوگوں کو متاثر کرنے اور سوا 3 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بن چکی ہے۔

یہ وائرس پاکستان میں دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت دیر سے آیا اور 26 فروری 2020 کو پاکستان کے تجارتی حب کراچی میں اس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی۔

پہلے کیس کے سامنے آتے ہی سندھ میں مختلف سطح کی پابندیاں اور بعد ازاں لاک ڈاؤن سامنے آیا جبکہ دیگر صوبوں نے بھی اپنے حصوں میں کیسز آنے کے بعد جزوی لاک ڈاؤن کے طریقہ کار کو ہی اپنایا اور پھر وفاق کی طرف سے بھی اس کا فیصلہ کیا گیا۔

8 مئی تک جاری رہنے والے اس لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وبا کے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری رہا اور مارچ کے مقابلے میں اپریل میں زیادہ کیسز آئے جبکہ بعد ازاں مئی کے آغاز سے تو اس وائرس کی ایک نئی لہر دیکھنے میں آرہی ہے۔

صرف مئی کے مہینے میں سامنے آنے والے کیسز فروری کے آخر اور مارچ اور اپریل کے 2 ماہ میں سامنے آنے والے مجموعی کیسز سے تقریباً دوگنا زیادہ ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی اچانک بڑھ گئی ہے۔

اگر ایک جائزہ لیں تو فروری کے آخر سے اپریل کی 30 تاریخ تک ڈان نیوز ٹی وی کے اعداد و شمار کے مطابق ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور 385 اموات تھیں۔

تاہم مئی کے صرف 20 روز میں 30 ہزار سے زائد کیسز آئے جبکہ اسی عرصے میں 624 اموات کا اضافہ بھی دیکھا گیا جو باعث تشویش ہے۔

آج (21 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وبا کے نئے کیسز، اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس سے ایک روز میں 960 نئے کیسز اور ریکارڈ 20 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 960 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 924 ہوگئی۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 اموات بھی ہوئیں جو اب تک کی صوبے کی ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔

پنجاب

محکمہ صحت پنجاب نے کورونا کے 697 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 17 ہزار 382 ہوگئی۔

بیان میں پنجاب میں وبا سے مزید 7 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 297 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اچانک کورونا وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 2 روز میں تقریباً 100 کیسز یومیہ رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج بھی اسلام آباد میں مزید 97 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی۔

ان نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز 1138 سے بڑھ کر 1235 ہوگئے جبکہ ایک موت کے اضافے سے مجموعی اموات 10 تک جاپہنچیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا وائرس کے 340 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 7155 ہوگئی۔

بیان میں مزید 14 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات 365 ہوگئی ہیں۔

پشاور میں 7، باجوڑ اور کڑک میں 2، 2 جبکہ چارسدہ، ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں کورونا کا ایک، ایک مریض دم توڑ گیا۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے مزید 106 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 3074 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے ایک اور مریض کے جاں بحق ہونے کے بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت میں کورونا وبا کے 23 نئے مریض سامنے آئے، جس کے ساتھ ہی وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 556 سے بڑھ کر 579 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے کیسز اچانک بڑھ گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں مزید 15 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

جس کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 133 سے بڑھ کر 148 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں جس طرح کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا اسی طرح صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں ایک ہزار 54 نئے لوگوں کا اضافہ ہوا۔

جس کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 13 ہزار 101 سے بڑھ کر 14 ہزار 155 ہوگئی۔

ملک کی مجموعی صورتحال

مزید برآں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو ایک نظر میں دیکھیں تو اس وقت مصدقہ کیسز 49 ہزار 497 ہیں جس میں سے 1052 انتقال کرچکے ہیں اور 14 ہزار 155 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 34 ہزار 290 فعال کیسز موجود ہیں۔

سندھ اس وقت سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے اور وہاں کیسز 19 ہزار 924 ہیں جبکہ اس کے بعد پنجاب میں 17 ہزار 382 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 155 ہے جبکہ بلوچستان میں 3 ہزار 74 لوگ وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک ایک ہزار 235 متاثرین ہے جبکہ گلگت میں 579 اور آزاد کشمیر میں 148 لوگوں کو وبا نے متاثر کیا ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 365

  • سندھ: 336

  • پنجاب: 297

  • بلوچستان: 39

  • اسلام آباد: 10

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: 01


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 47 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024