راجر فیڈرر، رافیل نڈال کا پاکستان میں کورونا ریلیف اقدام کیلئے عطیہ
دنیا بھر میں پھیلے نوول کورونا وائرس پڑنے والے مختلف اثرات سے متاثر افراد کی مدد کے لیے مختلف شخصیات مصروف عمل ہیں اور ایسا ہی اقدام پاکستان کے مایہ ناز ٹینس اسٹار اعصام الحق کی جانب سے اٹھایا گیا ہے جو وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں جہاں مردوں کے ٹینس میں عالمی نمبر ایک نوواک جوکووک سمیت مختلف اسٹارز اعصام الحق کے اٹھائے گئے اقدامات میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں وہیں دیگر مایہ ناز کھلاڑی رافیل نڈال، راجر فیڈرر، ماریا شاراپووا سمیت ثانیہ مرزا نے ’اسٹارز اگینسٹ ہنگر‘ (بھوک کے خلاف ستارے) مہم میں اپنی دستخط شدہ نشانیاں عطیہ کی ہیں۔
واضح رہے کہ اس اقدام کا آغاز گزشتہ ہفتے پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے کیا تھا۔
مزید پڑھیں: کورونا وبا: ملک میں 45 ہزار 189 متاثرین، 13 ہزار سے زائد صحتیاب
وہ ملک میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران غریب گھرانوں میں راشن تقسیم کر رہے ہیں اور اس کے لیے فنڈز بھی اکٹھا کر رہے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے اعصام الحق کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ملک میں کورونا وائرس نے ہم سب کو متاثر کیا ہے، میں صرف اس میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہوں اور ضرورت مندوں، غریب اور یومیہ اجرت کمانے والوں کی مدد کی کوشش کر رہا ہوں‘۔
ان کی فلاحی تنظیم ’اسٹاپ وار اسٹارٹ ٹینس‘ نے رزق فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر اب تک ملک کے سب سے گنجان آباد صوبے پنجاب کے غریب علاقوں میں ڈھائی ہزار گھرانوں کو کھانا فراہم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ٹینس سے مجھے یہ موقع اور پلیٹ فارم ملا ہے کہ میں ان لوگوں کی مدد کروں جبکہ یہ وقت کی ضرورت ہے، سب سے اہم چیز انسانیت پر ترس کھانا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے اموات میں اضافہ، مسلم ممالک میں عیدالفطر پر کرفیو کا اعلان
خیال ریے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان، پاکستانی کرکٹر شعیب ملک، سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور شعیب اختر اور بین الاقوامی اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے بھی اس میں بالترتیب اپنے دستخط شدہ گلووز، شرٹ، بال، ہیلمٹ اور ریکٹ عطیہ کرکے حصہ ڈالا ہے۔
24 مئی کو ختم ہونے والے آن لائن آکشن سے 10 ہزار گھرانوں کی مدد کے لیے 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر اکٹھا ہونے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑ چکا ہے اور آئے روز اس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ اموات بھی بڑھ رہی ہیں۔
ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 46 ہزار 915 ہوگئی ہے جبکہ اموات 1003 تک جا پہنچی ہیں۔