• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا وائرس پر تحقیقات اس کے قابو میں آنے کے بعد کی جانی چاہیے، چین

شائع May 19, 2020
عالمی صحت کا آن لائن اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا - فوٹو: اے ایف پی
عالمی صحت کا آن لائن اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا - فوٹو: اے ایف پی

چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین کورونا وائرس وبا سے نمٹنے پر خود مختار تحقیقات اس وائرس کے ’قابو‘ میں آنے کے بعد کرنے کی حمایت کرتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور دیگر ممالک کی جانب سے بیجنگ پر وائرس کے آغاز کو چھپانے کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد چینی صدر نے عالمی صحت اسمبلی میں کہا کہ چین کا ہمیشہ ’واضح، شفاف اور ذمہ دارانہ رویہ ہوتا ہے‘۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس سے اب تک 47 لاکھ افراد سے زائد افراد متاثر جبکہ 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔

روس میں نئے کیسز میں اضافہ رکنے سے امید کی کرن نظر آنے لگی ہے جبکہ امریکی بائیوٹیک ادارے موڈرنا نے نئے کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کے پہلے کلینیکل ٹیسٹ کے نتائج مثبت رپورٹ کیے ہیں۔

تاہم برازیل، بھارت اور جنوبی افریقہ میں وائرس کے پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس چین کی لیب میں تیار ہونے کا کوئی ثبوت نہیں، آسٹریلوی وزیر اعظم

ادھر اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے آن لائن ہونے والے اس اجلاس میں کہا کہ ’کووڈ 19 کا پھیلاؤ ہمیں بیدار کرنے کے لیے ہے‘۔

انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وائرس سے متعلق انتباہات پر عمل کرنے میں ناکام رہنے والے ممالک کو خبردار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مختلف ممالک نے مختلف اور بعض اوقات متضاد حکمت عملی کی پیروی کی ہے اور ہم سب اس کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں، خاص طور پر ان لوگوں نے جو عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کو نظرانداز کیا ہے‘۔

خیال رہے کہ انسانی جانوں کو پہنچنے والے بھاری نقصانات سے ہٹ کر وبائی مرض معاشی تباہی کا سبب بھی بنا ہے جس کی وجہ سے حکومتوں نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سرحدیں، اسکول، دفاتر اور دکانیں بند کردی ہیں۔

دوسری جانب انفیکشن کی شرح کم ہونے کے ساتھ ہی یورپ کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

ویٹیکن میں سینٹ پیٹرس باسیلیکا اور ایتھنز ایکروپولیس جیسے عالمی سطح کے مشہور مقامات سمیت گرجا گھروں، دکانوں اور ریسٹورانٹس کے ساتھ یورپ دوبارہ کھلنے کے سلسلے میں شامل ہوگیا ہے۔

اٹلی، جو وائرس سے دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک تھا، دو مہینے سے زیادہ لاک ڈاؤن کے بعد کھل رہا ہے تاہم وہاں عوام اب بھی محتاط ہیں۔

اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وائرس کی نگاہیں اب جنوب کی طرف ہیں جہاں اس کے اثرات ‘مزید تباہ کن‘ ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ برازیل میں ہونے والی ہلاکتوں میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ انفیکشنز کی تعداد 2 لاکھ 41 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی جنوبی امریکا کے سب سے بڑے ملک دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔

تاہم برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے لاک ڈاؤن کی مخافت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ غیر ضروری طور پر معیشت کو نقصان پہنچا رہا ہے جبکہ ماہرین اور مقامی رہنماؤں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لاک ڈاؤن سے صحت کا نظام اور انفراسٹرکچر تباہ ہوجائے گا۔

برازیل کے صدر نے سماجی دوری کے اقدامات کی نفی کرتے ہوئے متعدد وزرا کے ہمراہ دارالحکومت براسیلیا میں سیکڑوں حامیوں سے خطاب کیا اور کہا کہ وائرس کی پابندیاں بہت زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز 43 ہزار 336، صحتیاب افراد کی تعداد 12 ہزار سے متجاوز

علاوہ ازیں جنوبی افریقہ میں ایک روز کے دوران ایک ہزار 160 نئے کیسز سامنے آگئے۔

واضح رہے کہ یہ تعداد مارچ میں پہلے کیس کے سامنے آنے کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز میں سب سے زیادہ ہے جس کے بعد ملک میں کُل کیسز کی تعداد 15 ہزار 515 ہوگئی۔

مزید برآں بھارت نے میں انفیکشنز کا ایک روز میں سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ ہونے پر دنیا کے سب سے بڑے لاک ڈاؤن میں مئی کے آخر تک کی توسیع کردی۔

معاشی نقصانات

خیال رہے کہ وبا سے عالمی معیشت گریٹ ڈپریشن کے بعد بری طرح متاثر ہوئی ہے اور حکومتیں اس بات کا تعین کر رہی ہیں کہ وہ لاک ڈاؤن اور ویکسین کے نہ ہونے کے ساتھ کتنے عرصے تک اپنے پیروں پر کھڑی رہ سکتی ہیں۔

جاپان 2015 کے بعد اپنے پہلے بحران کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ چند تجزیہ کاروں نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سے بھی بدتر صورتحال ہونی ابھی باقی ہے۔

امریکا کے وفاقی ذخائر کے چیئرمین جیرومی پوول نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی امریکی معیشت کو بہت بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سہ ماہی کے ڈیٹا میں ہمیں بہت بری صورتحال دکھتی ہے، معاشی سرگرمیوں میں زوال آئے گا اور بے روز گاری بھی بڑے پیمانے پر بڑھے گی'۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے بغیر پوری طرح سے بحالی ممکن نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024