• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شمالی وزیرستان: دھماکے میں ایک فوجی شہید، 3 زخمی ہوگئے

شائع May 19, 2020
دھماکا عیدیک بازار میں نظامیہ مسجد کے نزدیک ہوا—فائل فوٹو: اے ایف پی
دھماکا عیدیک بازار میں نظامیہ مسجد کے نزدیک ہوا—فائل فوٹو: اے ایف پی

میران شاہ: خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی کے قریب ایک پُرہجوم بازار میں دھماکا خیز ڈیوائس پھٹنے سے ایک فوجی جوان شہید جبکہ دیگر 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس نے عامر کے نام سے شناخت ہونے والے فوجی اہلکار کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ دھماکا عیدیک بازار میں نظامیہ مسجد کے نزدیک ہوا۔

اس حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں بازار میں کھڑی کم از کم 14 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز بازار میں گشت کررہی تھیں کہ جب ان کی گاڑی کے نزدیک ایک ریموٹ کنٹرولڈ ڈیوائس پھٹ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج 2 جوان شہید

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں حوالدار ارشد، سپاہی عبد المنان اور اسلام نبی زخمی ہوئے جنہیں علاقے کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے بعد میرعلی تا میرامشاہ شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کردی گئی اور فورسز نے سرچ آپریشن کردیا۔

خیال رہے کہ 7 مئی کو شمالی وزیرستان میں ہی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں ضلع شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 13 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 9 زخمی ہوئے ہیں۔

قبل ازیں 26 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 9 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، 2 جوان شہید

اس سے قبل 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

11 اپریل کو شمالی وزیرستان میں تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 8 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024