• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ: کورونا سے مرنے والے شخص کی اہلخانہ خود تدفین کرسکیں گے، نئے ایس او پیز جاری

شائع May 19, 2020
صوبہ سندھ میں اہلخانہ اب مریضوں کی خود تدفین کر سکیں گے— فائل فوٹو: اے پی
صوبہ سندھ میں اہلخانہ اب مریضوں کی خود تدفین کر سکیں گے— فائل فوٹو: اے پی

حکومت سندھ نے تدفین کے لیے نئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غسل اور کفن میں لپیٹنے کے بعد کورونا کے مریض کا جسد خاکی اہلخانہ کے حوالے کردیا جائے گا اور وہ خود تدفین کر سکیں گے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کا شکار ہو کر مرنے والے شخص کی تدفین کے سلسلے میں نئے ایس او پیز بنا دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے ایس او پیز کے تحت تمام تر حفاظتی اقدامات کے ساتھ غسل دے کر کفن میں لپیٹنے کے بعد مریض کا جسد خاکی قانونی ورثا کے حوالے کردیا جائے گا تاکہ وہ تدفین کر سکیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں متاثرین کی تعداد 43 ہزار سے متجاوز، اموات 924 ہوگئیں

انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاش کو کفن میں لپیٹنے کے بعد کورونا وائرس کی منتقلی کا عملی طور پر کوئی خطرہ نہیں رہتا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کا شکار ہو کر مرنے والے شخص کی لاش کو اہلخانہ کے حوالے نہیں کیا جاتا تھا اور حکومت خود ہی غسل اور تدفین کے انتظامات کرتی تھی اور تدفین میں بھی اہلخانہ کے صرف چند افراد کو شرکت کی اجازت دی جاتی تھی۔

سندھ میں مزید 12محکمے کھولنے کا اعلان

دوسری جانب حکومت سندھ نے صوبے میں مزید 12 محکمے کھولنے کا اعلان کردیا۔

حکومت نے جن محکموں کو کھولنے کا اعلان کیا ہے ان میں محکمہ کالج ایجوکیشن، کوآپریٹو، ثقافت، اسپیشل ایجوکیشن، جنگلات کے محکمے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا سرکاری دفاتر کھولنے کا اعلان

اس کے علاوہ محکمہ ہیومن سیٹلمنٹ، انٹرپروونشل، لائیو اسٹاک، مائنز منرل، پاپولیشن ویلفیئر، اسکول ایجوکیشن اور محکمہ کھیل کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ تمام 12 محکمے اور ان کے سیکریٹریٹ 19 مئی سے کھل جائیں گے اور اب تک مجموعی طور پر 25 محکموں کو کھول دیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری کی منظوری کے بعد ان محکموں کو کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے اور کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر دفاتر میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس تین ماہ کیلئے نافذ

اس سے قبل حکومت سندھ نے 11 مئی سے صوبے کے مخصوص محکموں کے دفاتر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

حکومت نے محکمہ اوقاف، مذہبی امور زکوٰۃ و عشر، محکمہ انسانی حقوق، محکمہ صنعت و تجارت، محکمہ اطلاعات، سائنس و ٹیکنالوجی، محکمہ سرمایہ کاری، محکمہ اقلیتی امور، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ یونیورٹیز اینڈ بورڈز اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے دفاتر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد تمام سرکاری دفاتر کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ملک بھر کورونا وائرس سے اب تک 43 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 924 ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سوبہ سندھ میں ملک بھر سے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک وائرس سے صوبے میں 17 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 280اموات ہو چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024