نوازالدین صدیقی کی اہلیہ نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

شائع May 19, 2020
دونوں کی شادی 2010 میں ہوئی تھی—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
دونوں کی شادی 2010 میں ہوئی تھی—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

معروف بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی کی اہلیہ نے اداکار پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان سے خلع لینے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ کے وکیل نے بتایا کہ نوازالدین کو ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے نوٹس بھیج دیا گیا ہے لیکن انہوں نے اب تک اس کا جواب نہیں دیا۔

وکیل کے مطابق ’یہ نوٹس 7 مئی کو عالیہ صدیقی کی جانب سے نوازالدین صدیقی کو بھیجا گیا، نوازالدین صدیقی نے اب تک اس پر کوئی جواب نہیں دیا اور خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، میرا خیال ہے وہ اس نوٹس کو نظرانداز کررہے ہیں، نوٹس میں عالیہ نے نوازالدین سے خلع مانگنے کے ساتھ خرچا دینے کا مطالبہ بھی کیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: نوازالدین صدیقی پر بیوی کے فون ریکارڈ کی جاسوسی کا الزام

وکیل نے مزید بتایا کہ ’میں اس نوٹس کی مزید تفصیلات شیئر نہیں کرنا چاہتا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ نوازالدین صدیقی کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں اور وہ ان کے اور ان کے خاندان کے لیے کافی حساس ہوسکتے ہیں‘۔

دونوں کو دو بچے بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
دونوں کو دو بچے بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

یاد رہے کہ نوازالدین صدیقی اور عالیہ کی شادی کو 10 سال کا عرصہ ہوچکا ہے اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔

2017 میں یہ افواہیں سامنے آئیں تھی کہ ان دونوں کے تعلقات خراب ہورہے ہیں جبکہ ان کی طلاق بھی ہورہی ہے تاہم دونوں نے ہی ان خبروں کو بے بنیاد ٹھہرایا تھا۔

دوسری جانب عالیہ صدیقی نے اے بی پی نیوز کو اس حوالے سے بتایا کہ ’مجھے نواز سے ایک نہیں بلکہ کئی مسائل ہیں اور وہ سب خاصے سنگین ہیں‘۔

عالیہ صدیقی کے مطابق ان کے تعلقات شادی کے ایک سال بعد 2010 سے ہی خراب ہونا شروع ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024