• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے یومیہ 30 ہزار ٹیسٹ کافی ہیں، اسد عمر

شائع May 18, 2020
اسد عمر نے کہا کہ امید ہے کہ رواں ماہ کے اواخر یا آئندہ ماہ کے اوائل سے ہم 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کے قابل ہوں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی
اسد عمر نے کہا کہ امید ہے کہ رواں ماہ کے اواخر یا آئندہ ماہ کے اوائل سے ہم 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کے قابل ہوں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس کیسز 41 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں وہیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اس خیال کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں اس مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کی صلاحیت اطمینان بخش ہے۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے پاس 25 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کی صلاحیت ہے جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمیں اُمید ہے کہ رواں ماہ کے اواخر یا آئندہ ماہ کے اوائل سے ہم 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کے قابل ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 14 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ملک میں 14 ہزار سے زائد ٹیسٹ نہیں کیے جاسکتے۔

یہ بھی پڑھیں: وائرس کے عدم پھیلاؤ کیلئے جراثیم کش اسپرے مضر صحت ہوسکتا ہے، ڈبلیو ایچ او

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کی سربراہی کرنے والے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ہم زیادہ تر نمونے تربیتی ہسپتالوں یا پاکستان میں داخل ہونے والے مسافروں سے حاصل کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ تربیتی ہسپتالوں کے علاوہ دیگر ہسپتال سے بھی جلد نمونے اکٹھے کر کے بھیجنے کا آغاز کردیں گے جس سے ٹیسٹس کی تعداد بڑھ جائے گی‘۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار کا اندازہ لگانے اور اس کے مطابق مستقبل کی حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کی تعداد کافی ہے۔

اس سے قبل انہوں نے اعلان کیا تھا کہ (لاک ڈاؤن کے اعلان کے) 2 ماہ کے اندر یومیہ ٹیسٹ کی تعداد 30 گنا بڑھ چکی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں مارچ کے وسط تک 500 سے کم ٹیسٹ کیے جارہے تھے لیکن گزشتہ چند روز سے روزانہ 14 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں 41 ہزار سے زائد کیسز، اموات 896 ہوگئیں

ملک میں اتوار کے روز ایک ہزار 570 نئے کیسز جبکہ 30 اموات سامنے آئیں جس کے ساتھ ملک میں متاثرین کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 11 ہزار 341 افراد اس سے مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت 319 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور کووِڈ 19 کے علاج کی سہولت فراہم کرنے والے 735 ہسپتالوں میں 8 ہزار 680 مریض داخل ہیں۔

دوسری جانب اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اس وائرس سے متاثر ہونے والے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے ایک ویڈیو پیغام میں دعاؤں کے لیے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں قوم کا شکرگزار ہوں کہ کیوں کہ ان کی دعاؤں کی وجہ سے میرے اہل خانہ مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں، میں صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ ہر شخص کو حکومت کے اعلان کردہ احتیاطی اقدامات پر عمل کرنا چاہیے اور سماجی فاصلہ اس بیماری سے لڑنے کا بہترین ہتھیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سمیت 140 عالمی رہنماؤں کا کورونا ویکسین کی مفت فراہمی کا مطالبہ

اسد قیصر نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے‘۔


یہ خبر 18 مئی 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024