• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا کی بندشیں ختم، جرمن فٹ بال لیگ کا باقاعدہ آغاز

شائع May 17, 2020 اپ ڈیٹ May 28, 2020
کھلاڑیوں نے حفاظتی تدابیر پر عمل کیا—فائل/فوٹو:اے ایف پی
کھلاڑیوں نے حفاظتی تدابیر پر عمل کیا—فائل/فوٹو:اے ایف پی

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں فٹ بال سمیت دیگر تمام کھیل اور بین الاقوامی مقابلے متاثر ہوئے تاہم اب طویل لاک ڈاؤن اور بندشوں کے اختتام کے بعد جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق بنڈس لیگا لاک ڈاؤن کے بعد شروع ہونے والا یورپ کا بڑا ٹورنامنٹ ہے جبکہ اٹلی اور فرانس سمیت دیگر ممالک تاحال مکمل طور پر کورونا وائرس کی بندشوں سے نکل نہیں پائے ہیں۔

بنڈس لیگا کے ابتدائی میچز خالی میدانوں میں بغیر کسی شور کے منعقد ہوئے۔

بورشیا ڈورٹمنڈ کے 45 سالہ مداح کا کہنا تھا کہ 'خالی میدانوں میں میچز کا ہونا مایوس کن ہے لیکن کچھ نہ ہونے سے تو یہ بہتر ہے'۔

مزید پڑھیں:جرمنی میں تماشائیوں کے بغیر فٹ بال لیگ میچز کی تیاری

ڈورٹمنڈ کے مایہ ناز کھلاڑی ایرلنگ براؤٹ ہالاند پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے دو مہینوں کی بندش کے بعد پہلا گول کیا۔

مایہ ناز اسٹرائیکر کے شان دار کھیل کے باعث ڈورٹمنڈ نے حریف ٹیم شالکے کو 4-0 سے شکست دی لیکن وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے کچھ فاصلے پر تنہا جشن مناتے رہ گئے اور انہیں حوصلہ افزائی کرنے والے تماشائی موجود ہی نہیں تھے۔

بائرن میونخ کے سربراہ ہینسی فلک کا کہنا تھا کہ 'پوری دنیا جرمنی کی طرف دیکھ رہی ہے کہ ہم اس کا انتظام کیسے کرتے ہیں'۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے بدترین متاثرین ہونے والے روس نے بھی اگلے ماہ سے فٹ بال کے مقابلوں کو شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بنڈس لیگا کا دوسرا میچ آر بی لیپزگ اور فریبرگ کے درمیان کھیلا گیا اور مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔

فریبرگ کے کھلاڑی مینوئل گولدے نے اپنی ٹیم کے لیے گول کرکے سب کو حیرت زدہ کردیا تاہم لیپزگ کے اسٹرائیکر یوسف پولسین نے تھوڑی دیر بعد گول کرکے مقابلہ برابر کردیا تاہم ایک اور موقع پر ان کے ہاتھ سے نکل گیا اور وہ جیت اپنے نام نہیں کرپائے۔

خیال رہے کہ فٹ بال کے مقابلے شروع ہونے سے قبل حکومت نے کھلاڑیوں اور کوچز کے ٹیسٹ کیے تھے جبکہ ٹیموں کو ایک ہفتے سے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:جرمنی میں اسکول کھولنے اور فٹبال لیگ شروع کرنے کا فیصلہ

کھیل کے دوران بھی کھلاڑی حفاظتی تدابیر پر مکمل طور پرعمل کرتے نظر آئے جبکہ میدان تک پہنچنے کے لیے بھی کھلاڑی کئی بسوں میں آئے۔

واضح رہے کہ جرمنی کی فٹ بال لیگ نے اعلان کیا تھا کہ 16 مئی سے شروع ہونے والی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے باقی تمام 26 میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے۔

کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد جرمن چانسلر انجیلا مارکل نے سیزن کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد بقیہ میچوں کو خالی اسٹیڈیمز میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بنڈس لیگا لیگ میں مجموعی طور پر 18 ٹیمیں حصہ لیں گی لیکن کورونا وائرس کے باعث جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق پر سختی عمل درآمد کیا جائے گا.

میچز کے دوران اسٹیڈیم میں صرف 300 افراد پر مشتمل ضروری عملہ اور اہلکار شریک ہوں گے جبکہ کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تھوکنے، گروہوں میں جشن منانے یا ٹیم کے ساتھیوں کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں۔

میچوں کے دوران کلب کے ایگزیکٹوز، فائر فائٹرز اور پولیس فورسز، اسٹیڈیم کے سیکیورٹی اہلکار اور صحافی موجود ہوں گے۔

مزید پڑھیں:ہسپانوی فٹبال لا لیگا کے پانچ کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار

علاوہ ازیں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیموں کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ میچ سے قبل وہ فوٹو سیشن کروائیں۔

رپورٹ کے مطابق متبادل کھلاڑی ماسک پہن کر بیٹھیں گے اور گول ہونے کی صورت میں تمام کھلاڑی اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں گے۔

علاوہ ازیں ٹیم کے کوچز کو اجازت دی جائے گی کہ وہ اپنے ماسک ہٹا کر کھلاڑیوں کو ہدایات دے سکیں گے لیکن کم سے کم ڈیڑھ میٹر کی دوری برقرار رکھیں گے۔

کچھ کلب میچوں میں ماحول کو پرجوش رکھنے کے لیے مداحوں کے لیے میوزک اور پلے کارڈز استعمال کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024