• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm

'ارطغرل غازی' میں 'حلیمہ' کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ پاکستان آنے کے لیے بیتاب

شائع May 17, 2020
حلیمہ سلطان کا کردار اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
حلیمہ سلطان کا کردار اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ جسے اردو میں 'ارطغرل غازی' کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے، اگرچہ اس نے پاکستان میں نشر ہونے سے قبل ہی مقبولیت حاصل کرلی تھی تاہم نشر ہونے کے بعد اس ڈرامے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے۔

'ارطغرل غازی' کو یکم رمضان سے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور یہ اعزاز آج تک کسی پاکستانی ڈرامے کو بھی حاصل نہیں ہوا۔

'ارطغرل غازی' سے قبل پاکستانی ڈرامے میرے پاس تم ہو کی پہلی قسط کو 9 ماہ میں یوٹیوب پر 2 کروڑ 70 لاکھ بار دیکھا جا چکا تھا تاہم ترک ڈرامے کو محظ 3 ہفتوں میں ڈھائی کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا۔

حلیمہ سلطان کی اداکاری کو بہت پسند کیا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
حلیمہ سلطان کی اداکاری کو بہت پسند کیا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

اسی طرح 'ارطغرل غازی' کی کہانی اور اس کے اداکاروں پر بھی پاکستانی سوشل میڈیا پر آئے دن باتیں ہوتی رہتی ہیں اور ان دنوں اسی ڈرامے کے اداکاروں کو ہی پاکستان میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’میرے پاس تم ہو‘ نے جو ریکارڈ 9 ماہ میں بنایا، ’ارطغرل‘ نے 3 ہفتوں میں توڑ دیا

اس ڈرامے کی اگرچہ ابھی تک 23 قسطیں ہی نشر کی جا چکی ہیں تاہم پاکستانی مداح ابھی سے ہی ڈرامے کے کرداروں اور خاص طور پر 'ارطغرل غازی' اور ان کی بیوی 'حلیمہ سلطان' کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں کے مداح بن چکے ہیں۔

ڈرامے میں 'ارطغرل غازی' کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے نبھایا ہے جب کہ ان کی بیوی 'حلیمہ سلطان' کا کردار 28 سالہ اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے جو حقیقی زندگی میں ایک طلاق یافتہ خاتون ہیں۔

حلیمہ سلطان اصل زندگی میں طلاق یافتہ ہیں—اسکرین شاٹ
حلیمہ سلطان اصل زندگی میں طلاق یافتہ ہیں—اسکرین شاٹ

ڈرامے کے مرکزی اداکار یعنی 'ارطغرل غازی' بھی حقیقی زندگی میں شادی شدہ اور 2 بچوں کے باپ ہیں۔

مزید پڑھیں: جب ارطغرل کی ’حلیمہ‘ نے جنگ کی حمایت پر پریانکا چوپڑا پر تنقید کی

دونوں اداکاروں اور خاص طور پر 'حلیمہ سلطان' کی پاکستان میں بے پناہ مقبولیت ہے اور لوگوں نے انہیں سوشل میڈیا پر فالو کرنے سمیت ان سے اپنی محبت کا اظہار کرنا بھی شروع کیا اور انہیں بتایا کہ کس طرح پاکستانی مداح انہیں چاہنے لگے ہیں۔

پاکستانی ڈراما مداحوں کی جانب سے گزشتہ تین ہفتوں میں 'حلیمہ سلطان' یعنی اسرا بیلگیج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی تعریف میں کمنٹس کیے گئے ہیں اور لوگ ان سے ملنے اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستانی مداحوں نے اداکارہ کی سوشل میڈیا پر تعریف کی—اسکرین شاٹ
پاکستانی مداحوں نے اداکارہ کی سوشل میڈیا پر تعریف کی—اسکرین شاٹ

ایسے ہی ایک مداح کے کمنٹس پر اداکارہ اسرا بیلگیج یعنی 'حلیمہ سلطان' نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا اور کہا کہ وہ بھی پاکستانی مداحوں سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔

اسرا بیلگیج کی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک تصویر پر پاکستانی مداح نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں ان کے پاکستانی ڈرامے میں مقبولیت کے حوالے سے بتایا اور کہا کہ وہ دیکھتے ہی دیکھتے کس قدر پاکستان میں مقبول ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈراما 'ارطغرل غازی' میں محمد عامر کو کوہلی نظر آگئے

پاکستانی مداح نے ترکی کی اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اداکاری کی بھی تعریف کی اور انہیں بتایا کہ ان کا ڈراما پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنا رہا ہے۔

مداحوں کو جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ
مداحوں کو جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ

پاکستانی مداح کے کمنٹ پر اداکارہ اسرا بیلگیج نے جواب دیتے ہوئے ان کے لیے محبتوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی پر پاکستان میں جو ردعمل ملا بیان نہیں کرسکتا'

اداکارہ نے اپنے جواب میں لکھا کہ پاکستانی مداحوں کی محبت اور سپورٹ نے ان کی ہمت افزائی کی ہے اور وہ بھی پاکستان آنے اور اپنے مداحوں سے براہ راست ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔

اگرچہ ترک اداکارہ نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا کہ وہ کب تک پاکستان آنے کا ارادہ رکھتی ہیں تاہم ڈراما شائقین کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی ہونے کے بعد 'حلیمہ سلطان' پاکستان آ سکتی ہیں جبکہ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

28 سالہ اداکارہ نے اب تک محض 3 ڈراموں میں ہی کام کیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
28 سالہ اداکارہ نے اب تک محض 3 ڈراموں میں ہی کام کیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024