کورونا کے باعث 'فروزن' تھیٹر ہمیشہ کے لیے بند
دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمینٹ کمپنی (والٹ ڈزنی) نے شہرت یافتہ فنٹیسی اینیمیٹڈ فلم 'فروزن' پر بنائے گئے تھیٹر کو کورونا وائرس کے باعث ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کردیا۔
دسمبر 2019 میں چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کے باعث اگرچہ سنیما ہالز بند کرکے فلموں کی شوٹنگ بھی منسوخ کردی گئی ہے اور والٹ ڈزنی نے اپنے تھیم پارکس بھی بند کردیے ہیں۔
تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی بڑی کمپنی نے معروف تھیٹر ڈرامے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈزنی کے تھیٹر اسٹوڈیو نے 'فروزن' نامی میوزیکل براڈوے تھیٹر کا آغاز مارچ 2018 میں کیا تھا اور اس تھیٹر کو نیویارک میں پیش کیا جا رہا تھا مگر کورونا کے پھیلاؤ کے باعث مارچ 2020 میں اس تھیٹر کو بند کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایلسا کی جادوئی طاقتوں پر مبنی نئی 'فروزن'
تھیٹر انتظامیہ کو امید تھی کہ حالات ٹھیک ہوجائیں گے اور 'فروزن' تھیٹر کو دوبارہ پیش کیا جاسکے گا، تاہم نیویارک میں حالات بد سے بدتر ہونے کے بعد ڈزنی نے تھیٹر کو ستمبر تک پیش نہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب کمپنی نے اسے ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 'فروزن' میوزیکل براڈوے وہ پہلا بڑا تھیٹر ہوگیا جو کہ کورونا وائرس کی وبا کا شکار بنا اور ڈزنی انتظامیہ نے اسے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کرنے کی تصدیق کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈزنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ بڑے دکھ کے ساتھ مداحوں کو آگاہ کر رہی ہے کہ اب شائقین 'فروزن' کو تھیٹر میں نہیں دیکھ سکیں گے۔
'فروزن' کو بہت بڑی کاسٹ کے ساتھ لائیو میوزک کے ساتھ تھیٹر میں پیش کیا جاتا رہا تھا اور یہ شو ہفتہ وار 10 لاکھ امریکی ڈالر تک کی کمائی کرتا تھا، تاہم کورونا کے باعث مارچ میں اسے بند کردیا گیا تھا اور اب ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اسے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: فلم ’فروزن ٹو‘ نے ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ بنا ڈالا
تھیٹر میں ڈزنی کی 2013 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فنٹیسی اینیمیٹڈ فلم 'فروزن' کو دکھایا جاتا تھا، تاہم تھیٹر اینیمیٹڈ نہیں بلکہ حقیقی کاسٹ پر مبنی تھا اور اس تھیٹر کے اداکاروں کی اداکاری کو بھی بہت سراہا جاتا رہا۔
'فروزن' کی کہانی 2 شہزادی بہنوں ایلسا اور آنا کے گرد گھومتی ہے جن میں سے ایک ایلسا کے پاس منفرد صلاحیتیں اور طاقتیں بھی ہوتی ہیں اور وہ گھر سے دور چلی جاتی ہیں مگر دوسری بہن اسے واپس گھر لانے کی جدوجہد کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
'فروزن' فلم کی کامیابی کے بعد نومبر 2019 میں اسی فلم کا سیکوئل بھی ریلیز کیا گیا تھا اور دوسری فلم میں پہلی فلم کی کہانی کا تسلسل دکھایا گیا تھا۔
تاہم نیویارک میں پیش کیا جانے والا 'فروزن' میوزیکل براڈوے تھیٹر 2013 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم پر مشتمل تھا جسے اب ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا۔
ڈزنی تھیٹر کے صدر اور 'فروزن' کی کاسٹ نے بھی تھیٹر کو بند کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انڈسٹری اور حکام کو اب جاگ جانا چاہیے، کورونا کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔