• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

نیب کا غلام سرور کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی شکایت کی تصدیق کا آغاز

شائع May 16, 2020
قومی احتساب بیورو نے غلام سرور خان کی زرعی، رہائشی اور کمرشل جائیداداوں کا ریکارڈ طلب کرلیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
قومی احتساب بیورو نے غلام سرور خان کی زرعی، رہائشی اور کمرشل جائیداداوں کا ریکارڈ طلب کرلیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے موجودہ وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کے خلاف نجی شکایت کی تصدیق کا آغاز کردیا ہے جس میں ان پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیب ذرائع نے بتایا کہ قومی احتساب بیورو نے وفاقی وزیر کے خلاف خود سے کارروائی کا آغاز نہیں کیا بلکہ ان پر لگائے گئے الزامات کی تصدیق کی جارہی ہے۔

نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سلیم احمد خان نے راولپنڈی انتظامیہ کو خط لکھا جس میں غلام سرورخان اور ان کے خاندان کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی گئی۔

اس حوالے سے نیب نے رولپنڈی کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) سے غلام سرور خان اور ان کے خاندان کے ناموں پرخریدے گئے پلاٹس کے علاوہ ان کی زرعی، رہائشی اور کمرشل جائیداداوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے جو کہا تھا دنیا آہستہ آہستہ وہیں پہنچ رہی ہے، اسد عمر

نیب عہدیدار نے بتایا کہ شکایت کی تصدیق معمول کا کام ہے اور اگر کوئی جرم سامنے آتا ہے تو اس کے بعد اگلا مرحلہ انکوائری اور پھر مشتبہ شخص کے خلاف تحقیقات ہوتی ہیں، جس کے بعد ایگریکٹو بورڈ کی منظوری سے مشتبہ شخص کے خلاف ریفرنس دائر کیا جاتا ہے۔

مذکورہ معاملے پر جب وزیر ہوابازی غلام سرور خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ کسی تصدیق یا انکوائری سے خوفزدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ان کے اثاثے بتدریج کم ہوگئے کیونکہ انہوں نے کبھی بھی سیاسی عہدے کو مالی فائدے کے لیے استعمال نہیں کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کی صورتحال پر طلب کیے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ہوابازی ملک غلام سرور نے اس حوالے سے بات کی تھی اور ان کی جانب سے بار بار منتخب ہونے والے افراد کے احتساب کے مطالبے پر اپوزیشن کی جانب سے شور شرابا اور احتجاج کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی رہائی سے متعلق بیان پر چوہدری غلام سرور سے جواب طلب

انہوں نےکہا تھا کہ میں اپوزیشن کی طرح سٹپٹاؤں گا نہیں اور قومی احتساب بیورو (نیب) کو برا بھلا نہیں کہوں گا بلکہ میں تو کہوں گا کہ وہ میرا بہترین دوست ہے جس نے ہوسکتا ہے میری کسی خامی یا کوتاہی کی نشاندہی کی ہو۔

غلام سرور خان نے کہا تھا کہ میں گزشتہ 4 دہائیوں سے سیاست میں ہوں، میں نیب کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہوں، نیب کو احتساب کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ ان لوگوں کا احتساب بھی ہونا چاہیے جو کئی مرتبہ منتخب ہوئے اور دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024