• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

چین میں کووڈ 19 سے طویل المعیاد نقصانات کی باضابطہ فہرست جاری

شائع May 15, 2020
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

چین میں باضابطہ طور پر طویل المعیاد بنیادوں پر نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے ممکنہ اثرات جسم کے متعدد اندرونی اعضا کو پہنچنے والے نقصان کو شامل کرلیا ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری گائیڈلائنز میں کہا گیا کہ کووڈ 19 کے کچھ مریضوں کو پھیپھڑوں اور دل کے نقصان کے لیے علاج کی ضرورت ہوسکتی ہے۔

اسی طرح مسلز کے حجم میں کمی کے مسائل سے چلنے پھرنے میں مسائل ہوسکتے ہیں اور نفسیاتی امراض کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

طبی عملے کو مریضوں کے طویل المعیاد علاج کی ضرورت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ طبی حکام نے ان مسائل کو دائمی امراض قرار دیا ہے، جس سے چینی شہریوں کو طبی اخراجات میڈیکل انشورنس سے پورا کرنے کا موقع مل سکے گا۔

کمیشن کا کہنا تھا 'ہسپتالوں سے کووڈ 19 کے مریضوں کی بڑی تعداد ڈسچارج ہوچکی ہے اور اب بحالی نو کے عمل کو ترجیح دی جانی چاہیے'۔

اگرچہ بیشتر کووڈ 19 مریضوں میں بیماری کی شدت معمولی یا معتدل ہوتی ہے اور ان کی صحت پر طویل المعیاد اثرات کا امکان بہت کم ہے، مگر مختلف تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ زیادہ شدید علامات والے افراد کے اعضا کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور انہیں مکمل ریکوری کے لیے زیادہ وقت کی ضرورت ہوسکتی ہے۔

چین کے ہیلتھ کمیشن کے مطابق کووڈ 19 کے کچھ مریضوں میں دل کے امراض جیسے انجائنا اور دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی وغیرہ کا خطرہ ہوسکتا ہے جو براہ راست وائرس کا نتیجہ یا بہت زیادہ وقت تک بستر تک محدود ہونے کے باعث ہوتا ہے۔

مگر اس گائیڈلائن میں گردوں کے نقصان کو شامل نہیں کیا گیا حالانکہ متعدد تحقیقی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ طویل المعیاد بنیادوں پر کورونا وائرس کے مریضوں کو گردوں کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

رواں ہفتے جرنل کڈنی انٹرنیشنل میں شائ ایک تحقیق میں ساڑھے 5 ہزار کے قریب کووڈ 19 کے مریضں کا جائزہ لیا گیا۔

نیویارک کے نارتھ ویل ہیلتھ نامی ادارے کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ایک تہائی مریضوں میں گردوں کے کام چھوڑ دینے یا کڈننی فیلیئر کا مسئلہ موجود تھا۔

محققین نے رائٹرز کو بتایا کہ اس مسئلے کا سامنا کرنے والے 14 فیصد سے زائد مریضوں کو ڈائیلاسز کی ضرورت پڑی۔

ایسی بھی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ کورونا وائرس جلد، مرکزی اعصابی نظام اور خون کی شریانوں پر حملہ کرتا ہے جس سے خون کے لوتھڑے بننے اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔

بچوں میں اس وائرس کے نتیجے میں کاواساکی جیسے مرض کا خطرہ بڑھ رہا ہے مگر یہ سب امراض چینی سرکاری گائیڈ لائنز میں فی الحال شامل نہیں کیے گئے ہیں۔

طویل المعیاد اثرات

ایک رپورٹ کے مطابق ایسے افراد جو وینٹی لیٹر پر ہوتے ہیں انہیں طویل المعیاد بنیادوں پر جسمانی اور نفسیاتی نقصان کا سامنا ہوتا ہے اور اگر سانس لینے میں مشکل کا باعث بننے والے مرض اے آر ڈی ایس کا عارضہ ہو، تو پھیپھڑوں کے ٹشوز پر خراشیں بھی پڑسکتی ہیں۔

شکاگو یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین کے پروفیسر ڈاکٹر شو یوآن شیاؤ نے اے بی سی نیوز کو بتایا کہ کووڈ 19 کے بیشتر معتدل مریضوں میں صحتیابی کے بعد طویل المعیاد اثرات کا امکان نہیں ہوتا، مگر زیادہ بیمار ہونے والے افراد کا مستقبل کچھ زیادہ بہتر نہیں ہوتا۔

مارچ کے وسط میں ہاکنگ کانگ میں طبی ماہرین نے دریافت کیا تھا کہ نئے نوول کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کے پھیپھڑے کمزوری کا شکار ہوسکتے ہیں اور کچھ افراد کو تیز چلنے پر سانس پھولنے کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔

ساﺅتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ ہاسپٹل اتھارٹی نے یہ نتیجہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے والے ابتدائی مریضوں کا جائزہ لینے کے بعد نکالا۔

ڈاکٹروں نے دریافت کیا کہ 12 میں سے 2 سے تین مریضوں کے پھیپھڑوں کی گنجائش میں تبدیلیاں آئیں۔

ہسپتال کے انفیکشیز ڈیزیز سینٹر کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اوئن تسانگ تک ین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا 'ان افراد کا سانس کچھ تیز چلنے پر پھول جاتا ہے، جبکہ مرض سے مکمل نجات کے بعد کچھ مریضوں کے پھیپھڑوں کے افعال میں 20 سے 30 فیصد کمی آسکتی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مرض کے طویل المعیاد اثرات کا تعین کرنا ابھی تو قبل از وقت ہے مگر 9 مریضوں کے پھیپھڑوں کے اسکین میں شیشے پر غبار جیسا پیٹرن دریافت ہوا، جس سے عضو کو نقصان پہنچنے کا عندیہ ملتا ہے۔

مگر جیسے اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ وائرس پہلی بار دسمبر میں سامنے آیا تھا تو ابھی بھی صحتیاب مریضوں کے حوالے سے جاننا باقی ہے۔

مگر ماہرین کا خیال ہے کہ شدید نمونیا کے اثرات جسم پر برقرار رہتے ہیں، یعنی اگر سانس کے عارضے اے آر ڈی ایس کا سامنا ہوا تو پھیپھڑوں کے ٹشوز کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

جونز ہوپکنز سینٹر فار ہیلتھ سیکیورٹی کے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر امیش ادلجا نے اے بی سی نیوز کو بتایا 'یہ تو عام ہے جب کسی بھی قسم کا نمونیا اتنا زیادہ ہو کہ مریض کو آئی سی یو میں جانا پڑے تو اثرات مرتب ہوتے ہیں'۔

ڈاکٹر امیش اور ڈاکٹر شو یوآن شیاؤ دونوں کا کہنا تھا کہ کچھ بہت زیادہ بیمار افراد میں ممکنہ طور پر پھیپھڑوں کے افعال مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024