• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پنجاب حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ، شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ

شائع May 15, 2020
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی — فائل فوٹو:اے ایف پی
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی — فائل فوٹو:اے ایف پی

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرتے ہوئے شاپنگ مالز کھولنے اور پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی اور اس حوالے سے ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کے لیے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس طلب کرلیا ہے۔

یہ فیصلہ ٹرانسپورٹ کی بندش سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافے کی رپورٹس کے بعد کیا گیا۔

معاملے پر معلومات رکھنے والے ذرائع کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز کے اوقات کار کا بھی تعین کردیا گیا ہے اور ان میں معیاری کام کرنے کے طریقہ کار (ایس او پیز) کا سختی سے نفاذ ہوگا‘۔

انہوں نے بتایا کہ تھرمل گن سے درجہ حرارت دیکھنا، ہینڈ سینٹی ٹائزر اور ماسک کا استمعال یقینی بنایا جائے گا۔

علاوہ ازیں پنجاب کے وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کے مطابق شاپنگ مالز اور آٹو موبائل انڈسٹری کو 18 مئی سے کام کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں کیسز 38 ہزار سے زائد، اموات 822 ہوگئیں

ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ شعبوں کے ساتھ کام کرنے کے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ آٹو موبائل انڈسٹری کی پیداواری یونٹس کو ہفتے کے ساتوں دن کام کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’شو رومز کو ہفتے میں چار دن کام کی اجازت ہوگی‘۔

خیال رہے کہ پنجاب میں 23 مارچ کو کورونا وائرس کے باعث صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا تھا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

بعد ازاں اس لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کو توسیع کردی گئی تھی لیکن بڑھتے ہوئے کیسز کی شرح کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نے 14 اپریل کو لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا تھا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے 24 اپریل کو لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کا اعلان کیا تھا جس پر تاجر برادری نے شدید احتجاج کیا تھا۔

البتہ چند دن قبل وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی سے سخت احتیاط کے ساتھ کاروبار زندگی کی مشروط بحالی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت بیشتر کاروبار کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مارکیٹوں میں لوگوں کا رش

9 مئی کو پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرتے ہوئے کچھ کاروبار کھولنے کی اجازت دی تھی تاہم مجموعی طور پر لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کردی تھی۔

پاکستان میں پھیلے مہلک کورونا وائرس کے مریض دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور آج بھی نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 209 ہوگئی ہے جبکہ اموات 822 تک جا پہنچی ہیں تاہم 10 ہزار سے زائد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں 13 ہزار 914 لوگ وائرس سے متاثر ہیں جبکہ اموات 234 ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024