• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مریم نواز میں ’ارطغرل‘ جیسی خوبیاں ہی نظر آتی ہیں، حنا پرویز بٹ

شائع May 15, 2020
حنا پرویز بٹ اور مریم نواز — فوٹو: اے پیْ فیس بک
حنا پرویز بٹ اور مریم نواز — فوٹو: اے پیْ فیس بک

اس وقت پاکستان میں جو مقبولیت ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کو مل رہی ہے وہ شاید ہی کسی دوسرے پروجیکٹ کو ملی ہو، پاکستانی عوام کی ایک بڑی تعداد اس ڈرامے کو پی ٹی وی پر دیکھ رہی ہے، کوئی اس کی حمایت میں بیان دے رہا ہے تو کوئی ترک ڈراموں کی پاکستان میں نشریات پر ناخوش نظر آرہا ہے۔

ایسے میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ کی ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں انہوں نے اپنے رہنما سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو ارطغرل سے ملادیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں حنا پرویز بٹ نے لکھا کہ ’آج کل میں ’ارطغرل غازی‘ دیکھ رہی ہوں اور مریم نواز ارطغرل جیسی قائدانہ صلاحیتوں کی مالک ہیں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ارطغرل کی خوبیوں یعنی اپنے خدا پر مضبوط ایمان، حوصلہ، بہادری، بدترین حالات میں بھی ہمت نہ ہارنا، اچھے اور برے لوگوں کی پہچان، سب لوگوں کی مخالفت کے باوجود اپنے مقصد پر کھڑے رہنا جیسی خوبیوں کی مریم نواز بھی مالک ہیں۔

ٹوئٹر پر ان کے اس بیان کو کسی نے سراہا تو کئی ان کے خلاف بات کرتے بھی نظر آئے۔

جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان حنا پرویز بٹ کی اس ٹوئٹ کے بعد خاصے غصے میں نظر آئے جو اپنے لیڈر عمران خان کو ارطغرل جیسا ہیرو مانتے ہیں۔

خیال رہے کہ ’دیریلیش ارطغرل‘ کو پی ٹی وی پر اردو میں ترجمہ کرنے کے بعد ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے یکم رمضان یعنی 25 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور 14 مئی تک اس ڈرامے کی 20 قسطیں نشر کی جا چکی تھیں۔

مزید پڑھیں: 'دیریلیش ارطغرل' ڈراما خاص کیوں ہے؟

’ارطغرل غازی‘ کو پی ٹی وی پر پرائم ٹائم میں نشر کیا جاتا ہے اور ڈرامے کی ہر قسط نشر ہونے پر سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کے کرداروں اور کہانی پر پسندیدگی کا اظہار کیا جاتا ہے۔

گزشتہ 20 اقساط کے نشر ہونے کے دوران ’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت کے حوالے سے ٹوئٹر پر متعدد بار ٹرینڈز بھی سامنے آئے جب کہ اسی ڈرامے میں مکمل اسلامی لباس میں نظر آنے والے اداکاروں کی بولڈ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کچھ پاکستانی مداحوں کے دل بھی ٹوٹے مگر اس کے باوجود ڈرامے کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔

’ارطغرل غازی‘ کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

اس ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

aftab alam May 15, 2020 12:39pm
This is the meme of the year.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024