کورونا وائرس: پاکستان میں کیسز 38 ہزار سے زائد، اموات 823 ہوگئیں
پاکستان میں پھیلے مہلک کورونا وائرس کے مریض دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور آج بھی نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 437 ہوگئی ہے جبکہ اموات 823 تک جا پہنچی ہیں تاہم 10 ہزار سے زائد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔
سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1649 نئے مریضوں کا اضافہ دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اب یومیہ ایک ہزار سے زائد کا اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔
26 فروری کو سامنے آنے والے پہلے کیس کے بعد سے پاکستان میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف طرح کی بندشیں اور بعدازاں جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا۔
تاہم اس کے باوجود یہ وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور مئی کے آغاز میں اس کے کیسز میں اچانک تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کو دیکھیں تو 26 فروری سے 30 اپریل تک 2 ماہ سے زائد کے عرصے میں ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد تھی جبکہ اموات 385 ہوئی تھیں۔
تاہم رواں ماہ یعنی مئی کے ابتدائی 14 روز میں پاکستان میں 20 ہزار سے زائد کیسز اور 400 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں جو تشویش ناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہیں۔
آج (15 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا تاہم اس وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔
سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 817 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 14916 ہوگئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں مزید 12 اموات بھی ہوئی ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 255 ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وائرس سے متاثرہ 535 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 255 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 5678 ہوگئی ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق صوبے میں مزید 7 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 291 تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کا شکار مزید 108 افراد صحتیاب ہوئے ہیں اور شفایاب افراد کی مجموعی تعداد 1613 ہوگئی ہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 3774 ہے۔
پنجاب
پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 353 کیسز اور 11 اموات کی تصدیق کی گئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی تعداد 13914 تک پہنچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 11 اموات سے مجموعی تعداد 234 ہوگئی جبکہ 4 ہزار 720 افراد صحتیاب ہوگئے۔
بلوچستان
محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے مزید 147 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2357 ہوگئی۔
بیان میں وائرس سے مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات 31 ہوگئی ہیں۔
محکمے کا کہنا تھا کہ صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 2043 ہے جبکہ 383 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا کے 44 نئے مریض اور ایک موت کا اضافہ ہوا۔
سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 822 سے بڑھ کر 866 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں ایک فرد کی موت کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد وہاں مجموعی اموات 7 تک پہنچ گئیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں بھی وقت گزرنے کے ساتھ کیسز میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 19 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے۔
جس کے بعد وہاں اب تک مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 482 سے بڑھ کر 501 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
اسی طرح اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی کیسز کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران آزاد کشمیر میں مزید 14 نئے متاثرین سامنے آئے اور وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 105 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
تاہم اگرچہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے وہیں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
ملک میں گزشتہ روز تک صحتیاب افراد کی تعداد 9 ہزار 695 تھی، جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 460 نئے لوگوں کا اضافہ ہوا۔
جس کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 10 ہزار 155 ہوگئی جو دیگر متاثرہ مریضوں کے لیے اُمید کی کرن ہے۔
مجموعی صورتحال
علاوہ ازیں اگر ملک میں مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت 38 ہزار 290 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 822 کا انتقال ہوا ہے جبکہ 10 ہزار 155 صحتیاب ہوچکے ہیں، اس طرح پاکستان میں ابھی فعال کیسز کی تعداد 27 ہزار 313 ہے۔
سندھ میں کیسز کی تعداد 14 ہزار 916 جبکہ پنجاب میں 13 ہزار 914 لوگ وائرس سے متاثر ہیں۔
خیبرپختونخوا میں 5678 لوگوں کو وبا نے اپنا شکار بنایا ہے تو بلوچستان میں یہ تعداد 2457 ہوچکی ہے۔
اسلام آباد میں 866 لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ گلگت میں 501 اور آزاد کشمیر میں 105 لوگ اب تک متاثر ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
- خیبرپختونخوا: 291
- سندھ: 255
- پنجاب: 234
- بلوچستان: 31
- اسلام آباد: 07
- گلگت بلتستان: 04
- آزاد کشمیر: 01
پاکستان میں کورونا وائرس
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 31 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں اموات
ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔
تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔