• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کورونا وائرس: یورپی یونین کا پاکستان کیلئے 26 ارب روپے سے زائد امداد کا اعلان

شائع May 14, 2020
یورپی یونین کی سفیر نے وزیر داخلہ سے ملاقات میں امداد کی پیشکش کی— تصویر بشکریہ شکیل قرار
یورپی یونین کی سفیر نے وزیر داخلہ سے ملاقات میں امداد کی پیشکش کی— تصویر بشکریہ شکیل قرار

یورپی یونین نے کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں مدد کے لیے پاکستان کے لیے 26 ارب روپے سے زائد کی امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ جاپان نے بھی پاکستان کے لیے40 لاکھ ڈالر کی امداد جاری کردی ہے۔

اس بات کا اعلان جمعرات کو یورپی یونین کی سفیر ایندرولا کمینارا نے وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ سے ملاقات کے دوران کیا جہاں اس موقع پر نیدرلینڈز اور جمہوریہ چیک کے سفیر بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: کورونا لاک ڈاؤنز سے دنیا کو احساس ہورہا ہے کہ کشمیری کن حالات میں ہیں، وزیر خارجہ

وزارت داخلہ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس دوران کورونا وائرس کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے یورپین یونین کی سفیر نے کورونا سے مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کو 150 ملین یورو (26ارب ایک کروڑ 80لاکھ) کی امداد کی پیشکش کی۔

انہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس امدادی رقم سے کورونا سے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد کی جا سکے گی۔

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اس پیشکش کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کڑے وقت میں پاکستانی عوام کو سہولت دینے پر یورپی یونین کے شکر گزار ہیں کیونکہ اس وقت ہمارے محنت کشوں اور مزدوروں کو بھر پور تعاون کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وبا سے 36 ہزار 717 افراد متاثر، اموات 788 ہوگئیں

وزیر داخلہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے غریب طبقے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کاموں میں سہولت کے لیے پہلے ہی حکومت احکامات جاری کر چکی ہے، فلاحی کاموں کے لیے این او سی کی شرط ضروری نہیں اور انہیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر انجام دیا جا سکتا ہے۔

اعجاز شاہ نے انہیں مزید کہا کہ اس وبا کا مقابلہ کرنا کافی ضروری ہے اور حکومت پاکستان صحت اور معیشت کو ساتھ چلانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

جاپان کی 40 لاکھ ڈالر کی امداد

دوسری جانب جاپان نے اقوام متحدہ کے پروگرام کے تحت کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے 4 ملین ڈالر (40 لاکھ ڈالر) کی امداد کی پانچویں قسط جاری کرنے اعلان کیا ہے۔

اس امدادی رقم سے قبل بھی جاپانی حکومت یونیسیف، اقوام متحدہ کمیشن رائے مہاجرین سمیت دیگر امدادی پروگرامز کی مد میں پاکستان کو 34 لاکھ 10ہزار ڈالر کی امداد جاری کرچکا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں میٹرک، انٹر کے طلبہ کو بغیر امتحانات اگلی جماعت میں ترقی دینے کا فیصلہ

اس نئی امداد کے تحت اقوام متحدہ آفس فار پراجیکٹ حکومت پاکستان کو سروسز تکنیکی معاونت، آلات اور سامان فراہم کرے گا تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ حکومت کی درکواست کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے امداد کی جا سکے۔

اس امداد سے پاکستان کو کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی ٹریکنگ اور ان کے علاج میں مدد ملے گی تاکہ مقامی سطح پر وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور اس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ جاپانی حکومت کے اس پیکج سے پاکستان میں وبا کے عروج کے دوران صحت کی سروسز بہتر بنانے اور اس کے سماجی و معاشی اثرات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

جاپانی سفیر متسودا کونی نوری نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپانی حکومت کی امداد سے پاکستان کو کورونا وائرس کو شکست دینے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک نے سری لنکا میں مسلم مخالف فسادات پر اپنے ’کردار‘ پر معافی مانگ لی

اس موقع پر جاپانی سفیر نے وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی برادری سے مزید مشترکہ کوششوں کا مطالبہ کیا۔

متسودا کونی نوری نے کہا کہ جاپانی حکومت پاکستان سے پرانی دوستی کو مدنظر رکھتے ہوئے ناصرف کورونا وائرس بلکہ پاکستان اور جاپان کے سماجی و معاشی تعاون سمیت دیگر امور پر بھی حکومت پاکستان کی مدد کرتی رہے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان بھی دنیا کے دیگر ممالک کی طرح کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور اب تک وائرس سے پاکستان میں کم از کم 788 افراد ہلاک اور 36 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024