کورونا کا ٹیسٹ مفت کیا جائے، سراج الحق
سینیٹ میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ایک بستی کی مثال پیش کی ہے جس نے اللہ کی نعمتوں سے نوازا گیا تھا تاہم انہوں نے ناشکری کی جس کے بعد ان پر عذاب آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس وبا کی وجہ سے کچھ کمزوریاں سامنے آئی ہیں، پہلی بار ہمیں معلوم ہوا کہ 22 کروڑ عوام کے لیے صرف 13 سو وینٹی لیٹرز ہیں اور اس وبا کے دوران بھی ہماری قیادت ایک پیج پر نہیں آسکی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’کہنے کو تو سب نے ماسک لگائے ہیں مگر اپنی زبان کو لگام نہیں دے سکے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایک اور چیز جو سامنے آئی ہے وہ یہ ہے کہ ہمارا بجٹ سوشل سیکٹر پر خرچ نہیں ہوتا بالکہ انتظامی معاملات پر خرچ ہوتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے پاس اتنا پیسہ کہاں کہ وہ 9 ہزار روپے کا کورونا کا ٹیسٹ کرائیں، ہمیں اس ٹیسٹ کو مفت کرنا چاہیے۔