• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

صدر نے 10واں قومی مالیاتی کمیشن تشکیل دے دیا

شائع May 12, 2020
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ این ایف سی ایوارڈ کے چئیرمین ہوں گے — فائل فوٹو / اے پی پی
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ این ایف سی ایوارڈ کے چئیرمین ہوں گے — فائل فوٹو / اے پی پی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 10واں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ تشکیل دے دیا۔

وزارت خزانہ میں قائم این ایف سی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 160 (1) کے تحت 23 اپریل 2020 سے 10ویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کی تشکیل کردی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ این ایف سی ایوارڈ کے چئیرمین ہوں گے جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ کمیشن کے ارکان ہوں گے۔

کمیشن کے دیگر اراکین میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و اقتصادی امور، پنجاب سے طارق باجوہ، سندھ سے ڈاکٹر اسد سعید، خیبر پختونخوا سے مشرف رسول سیاں اور بلوچستان سے جاوید جبار شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت این ایف سی ایوارڈ کی از سر نو تشکیل کیلئے فعال

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ وفاقی سیکریٹری خزانہ سرکاری طور پر ماہر کی حیثیت سے کمیشن کا حصہ ہوں گے۔

صدر مملکت نے وزیر خزانہ کی عدم موجودگی میں وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات کو این ایف سی ایوارڈ کے اجلاسوں کی صدارت کا اختیار تفویض کردیا ہے۔

واضح رہے کہ آئین کے مطابق ہر 5 سال بعد این ایف سی تشکیل دیا جاتا ہے جس میں وفاق اور صوبوں کے وزرا قانونی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ کمیشن میں ہر صوبے سے ایک غیر حکومتی رکن کی شمولیت بھی لازمی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے فروری 2016 میں 9واں این ایف سی تشکیل دیا تھا جس کے 5 برس میں چند ہی اجلاس منعقد ہوئے حالانکہ سال میں 10 اجلاس لازمی ہیں۔

مزید پڑھیں: 16 ماہ گزرگئے، قومی مالیاتی کمیشن کا اجلاس نہ ہوسکا

خیال رہے کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق کی مجموعی آمدنی میں سے طے شدہ فارمولے کے تحت صوبوں کو ان کا حصہ دیا جاتا ہے۔

مارچ 2019 میں بلوچستان حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میں اپنا حصہ بڑھانے کے لیے پرزور کوشش کرے گی۔

بلوچستان حکومت کے 2 سے زائد حکام نے ڈان کو تصدیق کی تھی کہ صوبائی حکومت وسائل کی تقسیم کے فارمولے میں ترمیم کے لیے کوششیں کرے گی۔

صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ ایوارڈ میں اس کے شیئر کو 42.50 فیصد سے بڑھا کر 57.50 فیصد تک کردیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024