• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

خلیل الرحمٰن قمرکا ’ارطغرل غازی‘ جیسا پروجیکٹ بنانے کا اعلان

شائع May 12, 2020
خلیل الرحمٰن قمر نے یہ انکشاف ایک انٹرویو میں کیا — فوٹو: ٹوئٹر
خلیل الرحمٰن قمر نے یہ انکشاف ایک انٹرویو میں کیا — فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان کے نامور مصنف خلیل الرحمٰن قمر ہمیشہ ہی اپنے بیانات اور ڈراموں کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں اور اب انہوں نے ایک اور بڑا اعلان کردیا۔

پاکستان میں ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر نے اعلان کردیا کہ وہ بھی اس سے متاثر ایک پروجیکٹ کے اسکرپٹ پر کام کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی پر پاکستان میں جو ردعمل ملا بیان نہیں کرسکتا'

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خلیل الرحمٰن قمر نے انکشاف کیا کہ وہ اس ڈرامے جیسے ہی ایک اسکرپٹ پر کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید سے بات بھی کرلی ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انٹرویو کے دوران جب میزبان نے خلیل الرحمٰن سے سوال کیا کہ وہ بھی 'ارطغرل غازی' جیسے کسی ڈرامے پر کام کریں گے تو ان کا کہنا تھا کہ ’بالکل، ہم اس طرح کا کچھ بنانے کے حوالے سے ضرور سوچ رہے ہیں، تین دن قبل میں نے ہمایوں سعید سے بھی اس حوالے سے بات کی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ ایسا ہی ایک پروجیکٹ بنائیں گے‘۔

ہدایت کار و مصنف خلیل الرحمٰن کے مطابق ’میں گزشتہ 12 سالوں سے ہمایوں سعید سے بات کررہا ہوں کہ ہم اس طرح کے کسی پروجیکٹ پر کام کرتے ہیں، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہماری کچھ حدود ہیں، ہمارے پاس اتنی سہولیات میسر نہیں لیکن پاکستان میں بہترین اداکار موجود ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 'ارطغرل غازی' ترکی سے بھی زیادہ مقبول ہوگیا

جب میزبان نے خلیل الرحمٰن قمر کو یہ فیصلہ کرنے پر مبارکباد دی تو انہوں نے بتایا کہ ’میں صرف ایسا کرنے کا سوچ نہیں رہا بلکہ میں نے کل سے اس کے اسکرپٹ پر کام کرنا بھی شروع کردیا ہے‘۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کئی سال سے ترکی کے مختلف ڈراموں کو اردو ڈبنگ کے ساتھ چینلز پر نشر کیا جارہا ہے لیکن جو مقبولیت 'ارطغرل غازی' کو ملی ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔

’دیریلیش ارطغرل‘ ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اس ڈرامے میں کام کرنے والے تمام اداکار راتوں رات پاکستان میں اس حد تک مقبول ہوگئے کے ان کی فین فالوونگ میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

مزید پڑھیں: 'دیریلیش ارطغرل' ڈراما خاص کیوں ہے؟

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Erum Siddiqui May 13, 2020 04:21pm
رحم کریں

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024