• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون اسکول ٹیچر جاں بحق

شائع May 11, 2020
بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

مظفرآباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اُس پار سے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع پونچ میں ایک خاتون اسکول ٹیچر جاں بحق ہوگئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کی موت کے بعد رواں سال اب تک بلااشتعال فائرنگ کے باعث جاں بحق والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے پونچ کے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس راشد نعیم خان نے ڈان کو بذریعہ ٹیلی فون بتایا کہ بھارتی فوج نے عباس پور سیکٹر پر شیلنگ کی، جس میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے 7 کشمیری زخمی

انہوں نے بتایا کہ گاؤں پولاس کاکوٹا میں شام 6 بجکر 45 منٹ پر عثمان حفیظ نامی شخص کی 22 سالہ بیوی شازیہ بی بی افطار کی تیاریوں میں مصروف تھی کہ ایک شیل ان کے گھر کے کچن میں آگرا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

ادھر عباس پور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون صحافی سائرہ یوسف چغتائی نے بتایا کہ متاثرہ خاتون ایک نجی اسکول میں ٹیچر تھی اور ان کی شادی کو بمشکل 2 سال ہوئے تھے، ان کی غیر متوقع موت نے پورے علاقے میں غم کا ماحول پیدا کردیا۔

انہوں نے کہا کہ خاتون کو اتوار کو پولاس کاکوٹہ گاؤں میں سپردخاک کردیا گیا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے سول ڈیفنس کے سیکریٹری سید شاہد محی الدین قادری کے مطابق حالیہ موت نے رواں سال اس طرح کے واقعات سے ہونے والی اموات کو 7 تک پہنچادیا ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 76 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ اب تک بھارتی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ سے 22 گھر اور 5 دکانیں تباہ ہوئی ہیں جبکہ 198 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، یہی نہیں بلکہ 76 مویشی بھی اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔

علاوہ ازیں ایک بیان میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے شہری آبادی پر بھارتی شیلنگ کی مذمت کی تھی اور اپنے مطالبے کو دوہراتے ہوئے کہا تھا کہ اقوام متحدہ مزید نقصان کا انتظار کیے بغیر صورتحال کا نوٹس لے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق، 2 زخمی

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے اکثر لائن آف کنٹرول کے قریب واقع شہری آبادیوں اور گاؤں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جس کے نتیجے میں عام شہریوں کے جاں بحق و زخمی ہونے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔

5 مئی کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوانوں سمیت 7 شہری زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ پیر کو ضلع کوٹلی کے گاؤں رد کتھر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مویشیوں کے لیے گھاس کاٹنے والی خاتون جاں بحق ہو گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024