• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنجاب کے مختلف اضلاع میں کورونا وائرس سے 33 پولیس اہلکار متاثر

شائع May 10, 2020
کورونا وائرس سے پولیس اہلکار بھی متاثر ہورہے ہیں—فائل فوٹو: ڈان
کورونا وائرس سے پولیس اہلکار بھی متاثر ہورہے ہیں—فائل فوٹو: ڈان

پنجاب کے مختلف اضلاع میں 33 پولیس اہلکار، ایک اسسٹنٹ کمشنر اور ایک ٹیچنگ ہسپتال کے پرنسپل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور ایک روز میں 28 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس میں سے 24 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

اس سے قبل 3 پولیس اہلکاروں میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور انہیں علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

مظفر گڑھ، پنجاب کے اس ضلع میں بھی 6 پولیس عہدیداروں کو کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: ملک میں 28 ہزار 843 افراد کورونا سے متاثر، 8 ہزار سے زائد صحتیاب

واضح رہے کہ 119 پولیس عہدیداروں کے نمونے لے کر ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔

سیالکوٹ، اس ضلع میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 350 سے بڑھ کر 368 تک پہنچ گئی۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں 2 ہزار 81 گھروں میں 9 ہزار 952 افراد اب بھی قرنطینہ میں ہیں۔

رحیم یار خان، میں 9 افراد، ایک ٹیچنگ ہسپتال کے پرنسپل اور اسسٹنٹ کمشنر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

شیخ زاید میڈیکل کالج کے پرنسپل، صادق آباد کے اسسٹنٹ کمشنر، ان کے اسٹینوگرافر اور لیاقت پور مارکیٹ کمیٹی کے بیٹے میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اس کے علاوہ شیخ زاید میڈیکل کالج کے ٹیسٹنگ کے مقام پر مزید 5 افراد میں وائرس کا نتیجہ مثبت آیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ، میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

چک 151-جی پی کے ٹیکسٹائل ورکر اور 3 پولیس اہلکار، جو ڈی ایچ کیو ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ کے باہر تعینات تھے، وہ اس سے متاثر ہونے والوں میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایک 50 سالہ خاتون جو ایک ہفتے قبل ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انتقال کرگئی تھیں انہیں بھی کورونا وائرس کا مثبت کیس قرار دیا گیا جبکہ ان کے 4 بچوں کے نتائج منفی آئے۔

ساہیوال، سبزی مارکیٹ کے ایک تاجر جو وائرس سے متعلق شکایات پر زیر علاج ہیں ان کے گھر کے 3 افراد میں بھی وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

اس کے علاوہ تاجر کی دکان پر کام کرنے والا ایک فرد بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ پولیس کے 115 اہلکار کورونا وائرس کا شکار

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور اب تک 28 ہزار 843 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اموات 638 تک پہنچ گئی ہیں۔

اس وائرس سے نہ صرف عام لوگ بلکہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور پولیس اہلکار بھی متاثر ہورہے ہیں۔

گزشتہ دنوں سندھ میں بھی پولیس کے 115 افسران و اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ اب تک وہاں 2 پولیس اہلکار اس وائرس کے باعث انتقال بھی کرچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024