• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جیدی کے نام سے معروف مصنف و مزاح نگار اطہر شاہ خان انتقال کرگئے

شائع May 10, 2020
ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد سے ہی وہ میڈیا انڈسٹری میں ایک ممتاز شخصیت رہے— فوٹو: ٹوئٹر
ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد سے ہی وہ میڈیا انڈسٹری میں ایک ممتاز شخصیت رہے— فوٹو: ٹوئٹر

جیدی کے نام سے مشہور پاکستان کے معروف مزاح نگار، اداکار، لکھاری اور شاعر اطہر شاہ خان طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

رپورٹس کے مطابق اطہر شاہ خان طویل عرصے سے فالج کے مرض میں مبتلا تھے اور آج (10 مئی) صبح کراچی میں دنیا سے کوچ کرگئے۔

جیدی کے نام سے معروف اطہر شاہ خان نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد سے وہ میڈیا انڈسٹری میں ایک ممتاز شخصیت رہے۔

انہوں نے سب سے زیادہ ہٹ ہونے والے ڈرامے جیدی کے سنگ سمیت 700 سے زائد پلے لکھے۔

اس کے علاوہ انتظار فرمائیے میں اطہر شاہ خان کی عمدہ کارکردگی کو بہت سے لوگ بھلا نہیں سکتے۔

ان کے سپر ہٹ ڈراموں میں کیسے کیسے خواب، ہیلو ہیلو، جیدی اِن ٹربل، جانے دو، برگر فیملی، آشیانہ، آپ جناب، پرابلم ہاؤس، ہائے جیدی،بااَدب با ملاحظہ ہوشیار اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

علاوہ ازیں حکومت پاکستان نے انہیں2001 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا تھا جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی) نے اپنی سلور جوبلی پر اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل سے بھی نوازا تھا۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اطہر شاہ کی موت نے پورے ملک کو سوگوار کردیا ہے، لوگوں کو ہنسانے والے آج ہم سب کو رلا کر چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ کے لیے اطہر شاہ خان کی خدمات قابل تحسین ہیں، جیدی کا یادگار کردار اطہر شاہ خان کی عالمی سطح پر پہچان بنا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اطہرشاہ خان کو مزاحیہ شاعری میں بھی عبور حاصل تھا،سندھ حکومت انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

ان کے انتقال پر اکثر مداحوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جبکہ ان کے کام کو بھی سراہا گیا۔

ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ اطہر شاہ خان جیدی کا خوبصورت مزاح، ایک بہترین پاکستانی آرٹسٹ جنہوں نے ہمارے بچپن کو ہنسی سے لبریز کردیا۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ معروف اداکار اور شاعر اطہر شاہ خان عرف جیدی کراچی میں انتقال کرگئے جس کے ساتھ ہی زبردست مزاح اور ورسٹائل ایکٹنگ کا ایک دور ختم ہوا۔

۔

مسعود مرزا نے لکھا کہ یہ بتاتے ہوئے دل بہت اداس ہے کہ لیجنڈ اطہر شاہ خان (جیدی) اب ہم میں نہیں رہے، ابھی ان کے بیٹے اور اپنے پرانے دوست فراز شاہ خان سے بات ہوئی۔

صحافی فیضان لاکھانی نے لکھا کہ معروف اداکارہ، ورسٹائل اداکار اور شاعر اطہر شاہ خان کراچی میں انتقال کرگئے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ عقل اور دانش رکھنے والوں کے لیے افسوسناک خبر، اطہر شاہ خان انتقال کرگئے۔

بینا سرور نے لکھا کہ اطہر شاہ خان میرے لیے آپ ہمیشہ ایک سویٹ انکل رہیں گے اور میں آپ کو ایسے ہی یاد رکھنا چاہتی ہوں، آپ نے اپنے مزاح سے جو لطف دیا وہ بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

کاشف حیدر May 10, 2020 07:54pm
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون
عثمان ارشد ملک ۔ سڈنی May 11, 2020 11:20am
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔ اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔ آمین

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024