• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 30 ہزار 416، اموات 661 ہوگئیں

شائع May 10, 2020 اپ ڈیٹ May 11, 2020
پاکستان میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں 40 لاکھ سے زائد لوگوں کو متاثر اور 2 لاکھ 79 ہزار سے زائد اموات کا سبب بننے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

اس وائرس سے اب تک ملک میں مجموعی طور پر مصدقہ کیسز کی تعداد 30416 ہوگئی ہے جبکہ 661 لوگ اس وائرس سے انتقال بھی کرگئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج اب تک 1621 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے اب تک ڈھائی ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اس عرصے میں کورونا وائرس کا گراف پاکستان میں کم ہونے کے بجائے تیزی سے بڑھا ہے۔

اگرچہ اس عرصے میں مختلف پابندیوں سمیت جزوی لاک ڈاؤن بھی رہا لیکن پھر بھی کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک میں پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک کورونا کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار تھی اور اس عرصے میں 8 اموات ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل میں اس وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس ماہ کے آخر تک یہ ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اموات 385 تک جا پہنچی۔

تاہم مئی کا آغاز اس وائرس میں ایک نئی تیزی کے ساتھ ہوا اور 3 ہندسوں یعنی کچھ سو میں آنے والے کیسز 4 ہندسوں تک پہنچ گئے۔

مئی کے ابتدائی 9 دن میں ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے 28 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ اسی عرصے میں 250 سے زیاہ اموات کے بعد یہ تعداد 636 تک جا پہنچی۔

گزشتہ روز بھی ملک میں 1841 کیسز آئے جبکہ سندھ ملک کا واحد صوبہ بن گیا جہاں ایک روز میں ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

آج (10 مئی) کو بھی پاکستان کے مختلف حصوں میں نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 82 کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2017 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے حکام کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 1749 ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 709 نئے کیسز اور 9 اموات سامنے آگئیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 215 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 709 کے نتائج مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس طرح اب تک صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 11480 ہوگئی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 9 اموات کی بھی تصدیق کی اور بتایا کہ یہ تعداد 189 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 622 کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی گئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 11093 ہوگئی ہے۔

کیسز کی تفصیلات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ زائرین سینٹر سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1926 افراد، 8 ہزار 313 عام شہری اور 86 قیدی اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے وائرس سے مزید ایک موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ اب تک مجموعی اموات 192 ہوگئی ہیں جبکہ 4 ہزار 240 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں 160 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں مزید 11 افراد وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن گئے۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے چار قرنطینہ سینٹرز سے مزید 160 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی کی مجموعی تعداد 4669 ہو گئی ہے۔

صوبے میں مزید 11 افراد وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اب تک صوبے میں مرنے والوں کی کُل تعداد 245 ہو گئی ہے۔

مرنے والے 11افراد میں سے 8 کا تعلق پشاور جبکہ ایک کا سوات، مردان اور بٹگرام سے تھا۔

خیبر پختونخوا میں مزید 40 افراد وائرس سے صحتیاب بھی ہو گئے جس کے بعد اب تک صحتیاب افارد کی تعداد ایک ہزار 126 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 3ہزار 298 ایکٹو کیسز ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 32 کیسز اور ایک موت ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے لیے سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 32 کیسز سے متاثرین کی تعداد 641 تک پہنچ گئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں مزید ایک فرد اس وائرس سے انتقال کرگیا جس کے بعد وہاں یہ تعداد 5 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں 9 نئے کیسز سامنے آئے اور وہاں متاثرین کی تعداد 421 سے بڑھ کر 430 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی جس کے بعد اب تک وہاں اموات کی تعداد 4 تک پہنچ گئی ہے۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 7 کیسز سامنے آگئے۔

ان نئے کیسز کے بعد ملک کے سب سے کم متاثرہ علاقے میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 79 سے بڑھ کر 86 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جو چیز اس صورتحال کے باوجود حوصلہ افزا ہے وہ مریضوں کا صحتیاب ہونا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید 254 مریض اس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں کورونا وبا سے شفا پانے والوں کی تعداد 8063 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو مصدقہ کیسز کی تعداد 30416 ہے، جس میں سے 661 انتقال کرچکے ہیں جبکہ 8063 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح ابھی ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 21732 ہے۔

سندھ میں اس وائرس کے مصدقہ کیسز 11480 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 11093 ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 669 افراد وائرس سے متاثر ہیں تو بلوچستان میں یہ تعداد 2017 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک 641 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 430 اور آزاد کشمیر میں 86 لوگوں کو اس وبا نے اپنا شکار بنایا ہے۔

اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے

  • خیبرپختونخوا: 245

  • سندھ: 189

  • پنجاب: 192

  • بلوچستان: 26

  • اسلام آباد: 05

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 28 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024