• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ 3 سالہ بچی جاں بحق

شائع May 10, 2020
بچی کو جمعرات کو این آئی سی ایچ منتقل کیا گیا تھا جہاں اس میں مختلف امراض کی تشخیص ہوئی تھی— فائل فوٹو: آن لائن
بچی کو جمعرات کو این آئی سی ایچ منتقل کیا گیا تھا جہاں اس میں مختلف امراض کی تشخیص ہوئی تھی— فائل فوٹو: آن لائن

کراچی کے قومی ادارہ صحت برائے اطفال (این آئی سی ایچ) میں زیر علاج کورونا وائرس کا شکار 3 سالہ بچی دم توڑ گئی۔

ادارے کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا نے بچی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تین سالہ بچی مختلف امراض کا شکار تھی اور آج ہسپتال میں دم توڑ گئی۔

مزید پڑھیں: سندھ میں 253 بچے کورونا وائرس کا شکار

انہوں نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچی کو جمعرات کو این آئی سی ایچ منتقل کیا گیا تھا جہاں اس میں مختلف امراض کی تشخیص ہوئی تھی۔

لڑکی میں کورونا وائرس کی بھی تشخیص ہوئی تھی اور وہ ہفتے کی صبح انتقال کر گئی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔

پاکستان میں میں اب 28 ہزار 795 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 636 افراد اس کے سبب دم توڑ چکے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک سب سے زیادہ کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں اور صوبے میں اب تک 10 ہزار 771 افراد وائرس کی زد میں آ چکے ہیں جبکہ 180 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صرف آج صوبہ سندھ میں ایک ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور صوبے میں صرف ایک دن میں 1080 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ ہفتے انکشاف کیا تھا صوبے میں 10 ماہ کی بچی سمیت 253 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں اور یہ وائرس خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: کورونا سے متاثرہ خاتون نے صحتمند بچے کو جنم دے دیا

آج کراچی کے ایک ہسپتال میں ایک مختلف کیس رپورٹ ہوا جس میں کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا اور بچے میں وائرس کی کوئی علامت نہیں تھی۔

گزشتہ ہفتے 35 سالہ خاتون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہیں ولادت کے لیے مقررہ مدت تک گھر پر ہی احتیاط کے ساتھ آئسولیشن میں رکھا گیا، جبکہ ہفتہ کی صبح ان کے آپریشن کی تیاری کرلی گئی۔

مالیکیولر پیتھالوجی کے پروفیسر سعید خان نے کہا کہ نومولود کا ٹیسٹ منفی آیا جبکہ اس کے مزید تشخیصی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اماراتی پرواز میں خاتون نے بچے کو جنم دے دیا

ترجمان کے مطابق کورونا سے متاثر خاتون کے اہل خانہ کے کووڈ 19 ٹیسٹ پہلے ہی کرا لیے گئے تھے، شوہر سمیت تمام اہل خانہ کورونا سے محفوظ ہیں جبکہ بچے کو ماہرین اطفال کی خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ ڈاؤ ہسپتال میں کورونا سے متاثرہ خاتون کے آپریشن کا اپنی نوعیت پہلا کیس ہے جو ہسپتال میں رجسٹرڈ تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024