انسانوں تک نئے کورونا وائرس کو پھیلانے والے جاندار کی پہچان ہوگئی؟
نئے نوول کورونا وائرس سارس کوو 2 کی وبا کے آغاز سے ہی سائنسدان یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ کونسا جاندار تھا جس سے یہ وائرس انسانوں میں منتقل ہوا۔
اس حوالے سے چمگادڑ کو بنیاد تو تسلیم کیا جاتا ہے مگر ان پرندوں سے یہ وائرس کسی اور جانور میں منتقل ہوا اور پھر انسانوں تک پہنچ گیا۔
اس حوالے سے پینگولین کا نام سب سے زیادہ لیا جاتا ہے ، مگر اب چین میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں اس حوالے سے نیا خیال سامنے آیا ہے۔
چینی سائنسدانوں نے جینوم کے تجزیوں کا موازنہ کرنے کے بعد نتیجہ نکالاہے کہ یہ نیا نوول کورونا وائرس ممکنہ طور پر پینگولین میں پائے جانے والے ایک وائرس اور چمگادڑوں میں پائے جانے والے ایک وائرس کا امتزاج ہے۔
اس تحقیق میں ساؤتھ چائنا ایگریکلچرل یونیورسٹی اور گوانگ ڈونگ لیبارٹری فار لینگنان ماڈرن ایگریکلچرل کے سائنسدانوں نے کام کیا اور ان کا کہنا تھا کہ سارس کوو 2 جو کووڈ 19 کا باعث بنتا ہے، میں 2003 کے ایک حیوانی وائرس سارس کوو اور چمگادڑوں میں پائے جانے والے کورونا وائرس آراے ٹی جی 13 کا سیکونس پایا جاتا ہے۔
جریدے جرنل نیچر میں شائع اس تحقیق میں کہا گیا 'چمگادڑوں میں متعدد اقسام کے کورونا وائرسز موجود ہوسکتے ہیں، مگر سارس کوو 2 کا دوسرا میزبان اب بھی واضح نہیں'۔
تحقیق کے مطابق ایک ملائیشین پینگولین میں ایک کورونا وائرس کو الگ کرنے پر اس کے ای، ایم، این اور ایس جینز کا موازنہ نئے نوول کورونا وائرس کیا گیا تو یہ بالترتیب 100 فیصد، 98.6 فیصد، 97.8 فیصد اور 90.7 فیصد ملتے تھے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ خاص طور پر پینگولین کورونا وائرس میں خلیات کو متاثر کرنے والے ایس پروٹین بھی نئے نوول کورونا وائرس سے ہوبہو مشابہت رکھتا ہے،بس ایک غیر اہم امینو ایسڈ فرق ہے۔
سائنسدانوں نے 17 سے 25 ملائشین پینگولینز میں تجزیہ کرنے کے بعد اس پینگولین وائرس کو شنااخت کیا تھا اور اسے الگ کرنے کے بعد یہ نتیجہ بیان کیا گیا۔
جنوری کے آخر میں ایک جینیاتی تجزیے میں ثابت ہوا تھا کہ انسانوں میں پھیلنے والے وائرس کا جینیاتی سیکونس چمگادڑوں میں پائے جانے والے کورونا وائرس سے 96 فیصد تک ملتا جلتا ہے۔
مگر اس وقت یہ معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ کونسا جانور سے یہ وائرس انسانوں تک پہنچا کیونکہ ایسے متعدد جاندار ہیں جو وائرسز کو دیگر تک منتقل کرسکتے ہیں اور لگ بھگ کورونا وائرسز کی تمام اقسام انسانوں میں جنگلی حیات سے پھیلے۔
اس سے قبل فروری میں ایک تحقیق میں چینی سائنسدانوں نے شک طاہر کیا تھا کہ معدومی کے خطرے سے دوچار پینگولین چمگادڑوں اور انسانوں کے درمیان وائرس کے پھیلائو کی گمشدہ کڑی ہوسکتے ہیں۔
اسی طرح مارچ میں ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ پینگولینز کی کچھ تعداد میں ایسے کورونا وائرسز موجود ہیں جن کو اس وقت دنیا میں پھیلی کووڈ 19 کی عالی وبا سے جوڑا جاتا ہے۔
اس دریافت سے پینگولین چمگادڑوں کے بعد واحد ممالیہ جاندار بن جاتے ہیں جو نوول کورونا وائرس کا شکار بنتے ہیں۔
اس تحقیق میں وبا کے پھیلائو کے لیے پینگولینز کے کردار کو نہ تو ثابت کیا گیا اور ہی ان کے کردار سے انکار کیا گیا، مگر نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اس جانور نے نئے کورونا وائرس کے پھیلائو میں ممکنہ طور پر کردار ادا کیا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق چمگادڑ وہ جاندار ہے جس میں نوول کورونا وائرس موجود ہوسکتا ہے، مگر یہ براہ راست اس پرندے سے انسانوں میں منتقل نہیں ہوا بلکہ یہ کردار کسی اور جانور نے ادا کیا۔
پینگولین کو چین اور چند دیگر ممالک میں کھایا جاتا ہے جبکہ اس کی پرت جیسی کھال کو روایتی ادویات کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
چین میں پینگولین کے گوشت کو کھانا غیرقانونی ہے مگر یہ پھر بھی وہاں مل جاتا ہے، اکثر پینگولینز کو جانوروں کی مارکیٹ میں فروخت بھی کیا جاتا تھا مگر 26 جنوری کے بعد ایسی تمام مارکیٹیں حکومتی احاکات پر بند کردی گئیں۔
اس نئی تحقیق میں پینگولینز میں دریافت ہونے والی کورونا وائرسز کی مختلف اقسام کے جینیاتی سیکونسز نئے نوول کورونا وائرس سے 88.5 سے 92.4 فیصد تک ملتے جلتے ہیں۔
تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے 2017 اور 2018 کے دوران ایسے 18 پینگولینز کے ٹشوز کے مونوں کا تجزیہ کیا گیا جن کو اینٹی اسمگلنگ آپریشنز کے دوران بازیاب کرایا گیا تھا۔
محققین نے 18 میں سے 5 پینگولینز کے نمونوں میں کورونا وائرسز کو دریافت کیا۔
انہوں نے بعد میں مزید پینگولینز کے نمونوں کے ساتھ یہ عمل دہرایا اور ان میں بھی کورونا وائرسز کو دریافت کیا، جس کے بعد انہوں نے ان وائرسز کے جینومز کے سیکونس کا موازنہ نئے نوول کورونا وائرس سے کیا۔
محققین نے بتایا کہ جینیاتی مماثلت اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں کہ پینگولینز ہی وہ عارضی میزبان ہے جس نے چمگادڑوں سے سارز کوو 2 کو انسانوں میں منتقل کیا، مگر انہوں نے اس امکان کو مسترد بھی نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پینگولینز کو مستقبل میں نئے کورونا وائرسز کے ممکنہ میزبانوں میں شامل کیا جانا چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اس تحقیق کے نتائج کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر دیگر جانداروں کا بھی جائزہ لینا چاہیے جنہوں نے ہوسکتا ہے کہ اس وبا کو انسانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہو۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ وائرس کسی جنگلی جانور ممکنہ طور پر چمگادڑ سے کیسے کسی اور جانور اور پھر انسانوں میں منتقل ہوا۔
مگر اس تحقیق میں ملائین پینگولینز میں اس طرح کے وائرس کو دریافت کیا گیا، جس سے بھی یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان میں یہ وائرس کہاں سے آیا ہوگا کیونکہ پینگولین کی یہ نسل چین کی بجائے جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک میں پائی جاتی ہے۔
دوسری جانب ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے حکومتوں پر دبائو ڈال کر اس جاندار کی غیرقانونی تجارت کو ختم کرایا جائے۔
نئے کورونا وائرس کے ممکنہ عارضی میزبان کے حوالے سے معلومات سے نئے کورونا وائرس کی روک تھام اور کنٹرول میں مدد مل سکے گی۔
کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا باعث بننے والے جاندار کی شناخت وہ اہم ترین سوال تھا جس کا جواب جاننے کے لیے سائنسدانوں کی جانب سے کام کیا جارہا ہے۔
کورونا وائرس ممالیہ جانداروں میں پایا جاتا ہے اور چمگادڑ واحد ممالک جاندار ہے جو اڑنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور ممکنہ طور پر اسی وجہ سے اس میں موجود وائرس کسی اور جانور اور پھر انسانوں میں منتقل ہوا۔
اس سے قبل بھی سائنسدانوں نے دریافت کیا گیا تھا کہ کورونا وائرسز پینگولینز میں اموات کی ممکنہ وجوہات میں سے ایک ہے اور نوول کورونا وائرس سمیت اس کی تمام اقسام پینگولینز میں وہی ریسیپٹر استعمال کرتا ہے جو انسانوں میں بھی موجود ہے۔
پینگولین کی نسل کو بقا کے خطرات لاحق ہیں جن کی خرید و فروخت پر عالمی سطح پر پابندی عائد ہے مگر یہ سب سے زیادہ اسمگل ہونے والا جانور بھی ہے۔
یہاں تک کہ جس سی فوڈ مارکیٹ سے اس نئے وائرس کے پھیلاﺅ کا تعلق جوڑا جاتا ہے وہاں بھی یہ جانور فروخت ہونے والے جانداروں کی فہرست میں شامل نہیں، مگر اس کی غیرقانونی تجارت کا امکان بہت زیادہ ہے۔