• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت: مال بردار ٹرین نے ٹریک پر سوئے 15 مزدوروں کو کچل دیا

شائع May 8, 2020
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں مال بردار ٹرین نے پٹڑیوں پر سوئے 15 مزدوروں کو کچل دیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں مذکورہ واقعہ پیش آیا جس میں ایک مزدور زخمی بھی ہوا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزیدپڑھین: بھارت میں حفاظتی ایپ پر پاکستانی ٹرین کی تصویر

محکمہ ریلوے کے مطابق 20 مزوروں کا گروپ تھا جس میں سے 15 حادثے میں ہلاک ہوگئے جبکہ 4 مزدور سکتے کی حالت ہیں اور ایک ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس افسر موکشا پٹیل نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والوں سے معلومات حاصل کی جارہی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مزدور مدھیہ پردیش جارہے تھے اور انہوں نے ہائی وے سے بچنے کے لیے ریلوے پٹڑی پر چلنے کا انتخاب کیا۔

موکشا پٹیل نے بتایا کہ مزدوروں کو خطرہ تھا پولیس انہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے روک لے گی۔

پولیس کے مطابق مزدور مسلسل چلنے کے بعد پٹڑیوں پر ہی سوگئے تھے۔

پولیس افسر موکشا پٹیل نے بتایا کہ سوئے ہوئے مزدور جمعہ کی صبح تقریباً سوا پانچ بجے مال بردار ٹرین کی زد میں آگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ٹرین کی کوچز کو آئسولیشن وارڈ بنانے کا فیصلہ

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ مزدور اورنگ آباد کے مضافاتی قصبے جالنا میں اسٹیل کے کارخانے میں کام کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مزدروں کو بتایا گیا تھا کہ انہیں ٹرین بھسوال سے ملے گی‘۔

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کی حکومت نے حادثے میں ہلاک افراد کے لیے فی کس کے لیے 5 سے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

نیوز رپورٹ کے مطابق مزدور مدھیہ پردیش واپس جارہے تھے اور مسلسل پیدل چلنے کی وجہ سے تھک گئے تو پٹڑیوں پر ہی سوگئے۔

وزیر اعظم نریندرمودی کا اظہار افسوس

بعد ازاں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد میں ریل کے حادثے میں ہلاک افراد کی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے۔

نریندر مودی نے بتایا کہ وزیر ریلوے سے بات ہوئی ہے جو اس معاملے کی نگرانی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ یکم مئی کو بھارت میں کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کردی گئی تھی۔

وزارت داخلہ نے ملک گیر لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کے ساتھ بعض اضلاع میں نرمی کا بھی اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت میں مجموعی طور پر 56 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق عالمی سطح پر اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں وائرس سے اب تک 2 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے تمام اضلاع میں فضائی سفر، ریل، میٹرو، بین الصوبائی نقل و حرکت پر مکمل پابندی رہے گی۔

بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق اسکول، کالجز، ہوٹلز، مالز، عبادت گاہیں اور دیگر ادارے بھی بدستور بند رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024