• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کورونا وائرس: مسجد الحرام میں جدید جراثیم کش گیٹس نصب

شائع May 7, 2020
اب مسجد الحرام کے میں داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو ازخود تطہیر کے لیے نصب گیٹ سے گزرنا ہوگا — فوٹو: حرمین ٹوئٹر
اب مسجد الحرام کے میں داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو ازخود تطہیر کے لیے نصب گیٹ سے گزرنا ہوگا — فوٹو: حرمین ٹوئٹر

سعودی عرب کی الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کی ذمہ دار جنرل پریزیڈینسی نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مسجد الحرام کے داخلی دروازوں پر آزمائشی بنیادوں پر جدید ازخود تطہیری عمل (سیلف اسٹیرلائزیشن) گیٹس نصب کر دیے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حرمین کے اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'پریزیڈینسی نے مسجد الحرام میں جدید سیلف اسٹیرلائزیشن گیٹس نصب کرنے کا عارضی تجربہ کیا ہے، اگر یہ تجربہ کامیاب ہوا تو مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں یہ گیٹس نصب کیے جائیں گے۔'

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ان گیٹس کی تنصیب کے بعد اب مسجد الحرام کے صحن میں داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو پہلے ازخود تطہیر کے لیے نصب گیٹ سے گزرنا ہوگا، وہاں اس پر سر تا پاؤں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا اور مصفا کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب کا مساجد میں نماز تراویح کی ادائیگی پر پابندی کا اعلان

واضح رہے کہ مسجد الحرام میں ان گیٹس کی تنصیب سے ایک ہفتہ قبل تھرمل کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے۔

یہ طاقتور کیمرے بیک وقت 25 افراد کے جسمانی درجہ حرارت کی پیمائش کرسکتے ہیں، اب یہ کیمرے بھی مسجد الحرام کے داخلی دروازوں پر نصب کیے گئے ہیں۔

رواں ماہ کے اوائل میں مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ میں بھی اسی طرح کے تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے مارچ میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا اور مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں تاحکم ثانی عام لوگوں کا داخلہ بند کردیا تھا۔

تاہم رمضان کے آغاز سے قبل سعودی حکومت نے شہروں میں نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کردی تھی، لیکن مکہ مکرمہ میں بدستور لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

مزید پڑھیں: مکہ کے سوا سعودی عرب میں کرفیو جزوی طور پر اٹھا لیا گیا

سعودی عرب نے مارچ میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سلطنت میں تمام مساجد کو باجماعت نمازوں کے لیے بند کردیا تھا۔

خیال رہے کہ جمعرات کو بھی سعودی عرب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 793 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد 33 ہزار 731 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت نے مزید 10 اموات کا بھی اعلان کیا جس کے بعد یہاں جاں بحق افراد کی تعداد 219 ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024