• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کورونا وائرس کا شکار

شائع May 7, 2020
ڈاکٹر امجد علی—تصویر یونیورسٹی آف بنیر ویب سائٹ
ڈاکٹر امجد علی—تصویر یونیورسٹی آف بنیر ویب سائٹ

صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

اس حوالے سے انہوں نے خود ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ چند روز سے انہیں کھانسی اور بخار کی علامات تھی جس پر انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا۔

ڈاکٹر امجد علی کے مطابق انہوں نے 4 روز سے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا جبکہ جب ان کا کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ آیا تو وہ مثبت تھا۔

مزید پڑھیں: سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مرزا محمد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران وہ قرنطینہ مراکز اور ہسپتالوں کے دورے کررہے تھے جبکہ اپنے حلقے میں انہوں نے دیہاڑی دار طبقے میں راشن بھی تقسیم کیا تھا۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ قوم سے اپیل ہے کہ ان کے اور تمام متاثرہ افراد کی صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

خیال رہے کہ یہ پہلے سیاستدان یا وزیر نہیں جو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں بلکہ اس سے قبل ملک میں کچھ وزیر اور دیگر عہدیداران بھی اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ 28 اپریل کو ایوان بالا (سینیٹ) کے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد خان آفریدی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ گزشتہ ہفتے پشاور گئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل 27 اپریل کو سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ میں کورونا وائرس کی تشخیص

گزشتہ ماہ کے آخر میں ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

علاوہ ازیں وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

یہی نہیں بلکہ مارچ کے مہینے میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

مزید برآں 23 مارچ کو سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024