• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا مریضوں کے بارے میں آگاہ نہ کرنے پر آئل فیلڈ کا آپریشن منیجر زیر حراست

شائع May 7, 2020
آپریشن منیجر نے انتظامیہ کو آگاہ نہیں کیا تھا—فائل فوٹو: کری ایٹو کامنز
آپریشن منیجر نے انتظامیہ کو آگاہ نہیں کیا تھا—فائل فوٹو: کری ایٹو کامنز

چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے ایک آئل فیلڈ کے آپریشن منیجر کو حراست میں لے لیا چونکہ اس پر کورونا وائرس سے متاثرہ 4 ملازمین کے معاملے میں غفلت برتنے کا الزام ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں نئے پنجاب انفیکشیز ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول آرڈیننس کے تحت آپریشن منیجر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد ان کو حراست میں لیا گیا۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر چکوال کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی نے ڈان کو بتایا کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹیڈ (او جی ڈی سی ایل) کی راجیان آئل فیلڈ کے 4 ملازمین کو وائرس لگا تھا لیکن آپریشن منیجر نے سراسر غفلت برتی اور ہمیں آگاہ نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں نئے کیسز سے متاثرین 23 ہزار 693، صحتیاب افراد کی تعداد 6464 ہوگئی

انہوں نے بتایا کہ آپریشن منیجر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور بعد ازاں اس کو حراست میں لے لیا گیا۔

ڈان کے پاس دستیاب فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (آئی آیف آر) کی نقل کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر چکوال مظفر مختار نے دوہمن تھانے میں آئل فیلڈ کے آپریشن منیجر محمد طارق کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔

دوسری جانب ضلع کے فوکل پرسن برائے کووڈ 19 ڈاکٹر خالد حسن نے بتایا کہ آئل فیلڈ کا ایک ملازم 45 دن کی چھٹیوں کے بعد اپنے آبائی علاقے گوجرانوالہ سے واپس لوٹا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 'چونکہ وہ دیگر ضلع سے واپس آیا تھا تو آئل فیلڈ کی انتظامیہ نے اس کا نمونے لیے اور اس کے کووڈ 19 کے ٹیسٹ کے نتائج 3 مئی کو مثبت آگئے'۔

ڈاکٹر خالد حسن کا کہنا تھا کہ ملازم کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد آئل فیلڈ کی انتظامیہ نے اس کے کمرے کے دیگر 6 ساتھیوں کے نمونے لیے جس میں سے 3 میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ایف آئی آر میں یہ مؤقف اپنایا گیا کہ 'اگر آپریشن منیجر نے بروقت ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا ہوتا تو وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جاسکتا تھا'۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ 'ہم نے آئل فیلڈ کو بند کردیا اور تمام ملازمین بشمول وائرس کے متاثرین کو آئل فیلڈ میں ہی قرنطینہ کردیا'۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا لاک ڈاؤن: حکومت پنجاب کا فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 3 متاثرہ افراد کو آئل فیلڈ کی حدود میں قائم ہسپتال کے کمرے میں قرنطینہ کیا گیا۔

مزید برآں ان کے مطابق 'ہم نے اس یونٹ کے تمام ملازمین کے نمونے حاصل کیے ہیں'۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اب تک 23 ہزار 693 لوگ اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد 545 ہے۔

پنجاب اس وائرس سے اب تک سب سے زیادہ متاثر صوبہ رہا ہے اور وہاں 8 ہزار 693 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد بھی 156 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024