• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’زمینی حقائق‘ کی بنیاد پر نیا نظامِ زکوٰۃ تشکیل دینے کی تجویز

شائع May 6, 2020
سپریم کورٹ نے مفتی تقی عثمانی اور اسلامی نظریاتی کونسل سے زکوٰۃ کے معاملے پر رائے طلب کی تھی—تصویر: شٹر اسٹاک
سپریم کورٹ نے مفتی تقی عثمانی اور اسلامی نظریاتی کونسل سے زکوٰۃ کے معاملے پر رائے طلب کی تھی—تصویر: شٹر اسٹاک

اسلام آباد: اسلامی عالم اور سپریم کورٹ کے شریعہ اپیل بینچ کے سابق جج مفتی تقی عثمانی نے بالخصوص 18 ویں ترمیم کے بعد پورے نظام زکوٰۃ کو زمینی حقائق پر مشتمل نئے نظام سے تبدیل کر نے کی تجویز پیش کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں اپنی رائے پیش کرتے ہوئے انہوں نے تجویز دی کہ ’اگر زکوٰۃ کے نظام کو جاری رکھنا ہے تو اس پر اچھی طرح نظرِ ثانی کرنی چاہیے اور زمینی حقائق پر مشتمل نئے نظام سے تبدیل کرنا چاہیے، کہیں ایسا نہ ہو کہ عبادت کی ایک مقدس قسم زکوٰۃ، بدعنوانی اور بد انتظامی کا شکار ہوجائے‘۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے نوول کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر ازخود نوٹس کی سماعت میں مفتی تقی عثمانی اور اسلامی نظریاتی کونسل سے اس سوال پر رائے طلب کی تھی کہ کیا زکوٰۃ کی رقم اور بیت المال کو محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی یا روزمرہ اخراجات کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زکوٰۃ، بیت المال کے فنڈز میں 3 ارب 67 کروڑ روپے کی بےضابطگیوں کا انکشاف

یہ ہدایات اس وقت دی گئی تھیں جب زکوٰۃ اور بیت المال کے فنڈز کے تحت رقوم کی تقسیم میں شفافیت کا فقدان سپریم کورٹ کے سامنے آیا تھا۔

جس کے بعد چیف جسٹس گلزار احمد نے 4 مئی کو 5 رکنی بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے زکوٰۃ کے معاملے میں رائے دینے پر مفتی تقی عثمانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس رائے کا مطالعہ کیا گیا اور اس میں عدالت کی رہنمائی کے لیے قابلِ قدر مواد پایا گیا۔

عدالت عظمیٰ نے مفتی تقی عثمانی کی رائے کو عدالتی ریکارڈ میں شامل کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

اپنی رائے میں مفتی تقی عثمانی نے کہا تھا کہ حکومتی سطح پر زکوٰۃ کو سنبھالنے کے لیے بہت مضبوط اور منظم نظام کی ضرورت ہے جو اس وقت موجود نہیں۔

مزید پڑھیں: ’صارفین کے بینک اکاونٹ سے زکوٰۃ کی کٹوتی درست نہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ نظام کو نئے نظام سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا تو اس خیال کو ترک کرنا بہتر ہوگا کہ حکومت زکوٰۃ کی تقسیم کا انتظام کرے۔

انہوں نے کہا کہ ’عوام کو مکمل بھروسے کے ساتھ براہِ راست خود غریبوں کو زکوٰۃ دینے اور مطمئن ہونے دیں کہ ان کی زکوٰۃ مستحقین تک پہنچی ہے‘۔

مفتی تقی عثمانی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عوام کا نظامِ زکوٰۃ سے اعتماد اٹھ گیا ہے اور وہ حکومت کو زکوٰۃ کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں اور اس کے لیے یا تو رمضان سے قبل بینک اکاؤنٹس میں رکھی ہوئی بھاری رقم نکال لیتے ہیں یا یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ان کا ’فقہ‘ ان چیزوں پر زکوٰۃ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ علما کی بھی یہ رائے ہے کہ ماخذ پر زکوٰۃ کی کٹوتی کی شریعت میں اجازت نہیں اور جب رقم منہا کرلی جاتی ہے تب بھی زکوٰۃ کی فرضیت ختم نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: 'صاحب حیثیت افراد رمضان سے قبل زکوٰۃ ادا کریں'

مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ 2010 میں 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد نظامِ زکوٰۃ صوبوں کے پاس آگیا اور وفاقی زکوٰۃ اور عشر آرڈیننس 1980 کسی حد تک منسوخ ہوگیا اور صوبوں نے اپنے خود کے زکوٰۃ اور عشر قوانین اختیار کرلیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عشر کی وصولی کو چاروں صوبوں نے بالکل ختم کردیا اور اس حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں ملی بالخصوص عشر اب نہیں لیا جاتا۔

رائے میں کہا گیا کہ عملی طور پر زکوٰۃ صرف بینکوں کے ذریعے ماخذ پر کاٹی جاتی ہے اور وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ میں جمع کروادی جاتی ہے جو صوبوں میں آبادی کے لحاظ سے ان فنڈز کو تقسیم کرتی ہے۔

مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ اور خلفائے راشدین کے دور میں مختلف افراد کو ملازم رکھا گیا تھا جو فصل کی کٹائی کے وقت ان کے پاس جاتے جنہوں نے زرعی پیدوار کی ہوتی اور ان کی فصل سے عشر اور مویشی مالکان سے ایک خاص متعین فارمولے کے تحت مویشیوں کی زکوٰۃ جمع کرتے تھے۔

یہ افراد زیادہ تر زکوٰۃ اور عشر لا کر بیت المال (سرکاری خزانے) میں جمع کروادیتے تھے۔

مزید پڑھیں: رواں سال زکوٰۃ کٹوتی کا نصاب 46 ہزار 329 روپے مقرر

جب زکوٰۃ بیت المال کا حصہ بن جاتی تو ریاست اسے قرآن میں بتائی گئی 8 چیزوں میں استعمال کرتی اور جو افراد زکوٰۃ جمع کرتے انہیں ان کی مزدوری زکوٰۃ فنڈ سے ادا کی جاتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ظاہر سی بات ہے زکوٰۃ کا مقصد غریبوں اور ضرورت مندوں کو مالی مدد فراہم کرنا ہے، یہ کبھی تصور نہیں کیا گیا کہ پوری زکوٰۃ یا اس میں سے بھاری رقم کو ان پر خرچ کیا جائے جو اس کے لیے کام کرتے ہیں۔

تاہم مسلمان فقہا نے مختلف اوقات کی صورتحال کے حالات کے مطابق ان پر اخراجات کو ایک خاص حد تک محدود کردیا ہے۔

رائے میں کہا گیا کہ امام شافعی کے مطابق ملازمین پر اخراجات وصول ہونے والی مجموعی زکوٰۃ کی رقم کے 8 ویں حصے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

علاوہ ازیں اپنی رائے میں مفتی تقی عثمانی نے عدالت کی توجہ اصل قانون میں ہونے والی مختلف ترامیم کے سبب زکوٰۃ فنڈ کی خستہ حال صورتحال کی جانب بھی مبذول کروائی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khalid H. Khan May 06, 2020 02:17pm
An effective and honest system and workers need to implement zakat and Ushar in country.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024