• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کورونا سے صحتیاب

شائع May 5, 2020 اپ ڈیٹ May 6, 2020
رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید — فائل فوٹو / فیس بک
رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید — فائل فوٹو / فیس بک

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید صحتیاب ہوگئے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمٰن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ 'الحمدللہ، عبدالرشید کورونا سے مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں اور ان کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کے باقی اہلخانہ کو بھی جلد صحتیابی عطا فرمائے اور ساری انسانیت کو اس وبا سے نجات عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ سید عبدالرشید میں 24 اپرل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

وہ لیاری سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس-108 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں کورونا وائرس کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ سماجی سرگرمیوں میں مصروف تھا اور ڈاکٹرز کی ہدایت پر میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا اور مجھ میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے متاثر رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کے خاندان کے 8 افراد وائرس کا شکار

ان کا کہنا تھا کہ میں فوری طور پر ہوم آئسولیشن میں آ گیا ہوں، فی الحال کسی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور دو تین دن آئسولیش میں رہنے کے بعد میں ٹیسٹ دوبارہ کرواؤں گا۔

29 اپریل کو سید عبدالرشید کے خاندان کے 8 افراد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا تھا۔

اس حوالے سے سید عبدالرشید نے ڈان کو بتایا کہ ان کے خاندان کے افراد کے ٹیسٹ کیے گئے تھے، جس میں سے 8 افراد میں یہ وائرس منتقل ہوا۔

سید عبدالرشید کے مطابق متاثر ہونے والوں میں ان کی والدہ، اہلیہ، بہن اور بچے شامل ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ان کی اور خاندان کے دیگر افراد کی طبیعت بہتر ہے اور تمام افراد گھر ہی میں آئیسولیٹ ہیں۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی والدہ کے سوا گھر کے کسی بھی فرد میں کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

مزید پڑھیں: سعید غنی کورونا وائرس سے جنگ جیت کر صحتیاب ہوگئے

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں میں وزیر تعلیم سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی بھی وبا سے شفا حاصل کر چکے ہیں۔

سعید غنی وائرس سے متاثر ہونے والے ملک کے پہلے سیاست دان تھے جو 23 مارچ کو اس کا شکار ہوئے تھے۔

تاہم چند روز بعد ان کی ٹیسٹ رپورٹ بھی منفی آئی تھی اور وہ صحتیاب ہوگئے تھے۔

ان دونوں کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، قبائلی ضلع سے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی، سینیٹر مرزا محمد آفریدی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش بھی اس مہلک بیماری کا شکار ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024