• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: کراچی میں ایک اور پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا

شائع May 5, 2020
سندھ میں 99 پولیس اہلکار اس وائرس سے متاثر بھی ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: شاہزیب  احمد
سندھ میں 99 پولیس اہلکار اس وائرس سے متاثر بھی ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: شاہزیب احمد

کراچی میں کورونا وائرس کے باعث ایک اور پولیس اہلکار انتقال کرگیا جس کے بعد صوبے میں اس وبا سے جان کی بازی ہارنے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 2 ہوگئی۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سرفراز نواز شیخ کا کہنا تھا کہ 55 سالہ پولیس کانسٹیبل محمد انیس انڈس ہسپتال لے جانے کے دوران دم توڑ گئے۔

انہوں نے بتایا کہ کانسٹیبل ملیر میں ڈی ایس پی ایل سی کے پاس بطور گن مین تعینات تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: سندھ پولیس کے انسپکٹرز سمیت 51 اہلکار کورونا وائرس کا شکار

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کا 25 اپریل کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جہاں 26 اپریل کو ان میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ لانڈھی میں اپنے گھر میں سیلف آئیسولیٹ ہوگئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ان کی حالت خراب ہوئی اور انہیں انڈس ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔

تاہم پولیس حکام کے بقول یہ تصدیق نہ ہوسکی کہ جاں بحق پولیس اہلکار کہاں سے کورونا وائرس سے متاثر ہوا۔

ایس ایس پی کے مطابق متوفی پولیس کانسٹیبل کو دل کے معمولی مسائل تھے اور ہوسکتا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی پیچیدگیوں سے ان میں اضافہ ہوا ہو۔

واضح رہے کہ یہ سندھ میں کورونا سے مرنے والے دوسرے پولیس اہلکار ہیں۔

اس سے قبل 3 مئی کو ایس ایس پی سٹی آفس میں بطور شفٹ آپریٹر کام کرنے والے اے ایس آئی محمد انور انتقال کرگئے تھے، ان میں 28 اپریل کو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق اب تک 99 پولیس اہکار اس عالمی وبا سے متاثر ہوچکے ہیں، جس میں اکثریت کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ ٹنڈو الہٰ یار اور سکھر میں بھی 2، 2 اہلکار متاثر ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ اب تک 4 پولیس اہلکاروں کو ہسپتال سے ڈسچارج بھی کیا گیا ہے جبکہ باقی لوگ مختلف ہسپتالوں کے آئیسولیشن وارڈز یا گھروں میں خود سے آئیسولیشن میں موجود ہیں۔

ڈان کو حاصل ہونے والے اعدادو شمار کے مطابق متاثر ہونے والے پولیس اہلکاروں میں 7 انسپکٹر رینک کے ہیں اور ایک ڈی ایس پی بھی ہے جبکہ باقی تمام سب انسپیکٹر، اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز ہیں۔

پولیس حکام کی جانب سے متاثرہ اہلکاروں کے ساتھیوں اور گھر کے افراد کے بھی ٹیسٹ کیے گئے اور ڈیٹا میں یہ بات سامنے آئی کہ ایک پولیس اہلکار کے گھر کے 10 جبکہ دوسرے کے خاندان کے 8 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس کا شکار

اس کے علاوہ دیگر 3 پولیس اہلکاروں کے گھر کے ایک فرد اور 2 ساتھیوں میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ متعدد کے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے نہ صرف عام لوگ بلکہ فرنٹ لائن پر فرائض کی انجام دہی میں مصروف ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، پولیس کے لوگ بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ ان میں سے متعدد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں اس وقت تقریباً 22 ہزار لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں جبکہ اموات کی تعداد 500 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں اس وقت سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے اور وہاں 8189 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 148 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024