• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

زکوٰۃ اور بیت المال کے فنڈز میں 3 ارب 67 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

شائع May 3, 2020 اپ ڈیٹ May 6, 2020
سپریم کورٹ کی ہدایت پر زکوۃ اور بیت المال فنڈز کی تقسیم میں شفافیت کی کمی سے متعلق رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا
— فائل فوٹو: ڈان
سپریم کورٹ کی ہدایت پر زکوۃ اور بیت المال فنڈز کی تقسیم میں شفافیت کی کمی سے متعلق رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا — فائل فوٹو: ڈان

اسلام آباد: آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) نے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں رواں برس محکمہ زکوٰۃ اور بیت المال کے مشترکہ طور پر آڈٹ کیے گئے 5 ارب 96 کروڑ کے مجموعی فنڈ میں 3 ارب 67 کروڑ روپے کی بے ضابطگیوں کا علم ہوا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل نے زکوٰۃ اور بیت المال فنڈز کی تقسیم میں شفافیت کی کمی سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کروانے سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایت پر اپنی رپورٹ جمع کروائی تھی۔

20 اپریل کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کا مقابلہ کرنے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لیے گئے اقدامات پر ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے افسوس کا اظہار کیا تھا کہ عدالت کو زکوٰۃ اور بیت المال فنڈز کی کٹوتی اور ضرورت مند افراد میں ان کی تقسیم سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی گئیں تھیں۔

مزید پڑھیں: رواں سال زکوٰۃ کٹوتی کا نصاب 46 ہزار 329 روپے مقرر

خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں لارجر بینک 4 مئی (بروز پیر) کو دوبارہ سماعت کا آغاز کرے گا۔

اے جی پی کی رپورٹ کے علاوہ سپریم کورٹ میں وفاقی وزارت صحت، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتوں کی جانب سے بھی رپورٹس جمع کروائی گئیں تھیں۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان بیت المال کا سالانہ بجٹ 5 ارب روپے ہے اور سال 20-2019 کے آڈٹ میں 3 ارب 10 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بیت المال کے کیس میں غیر متعلقہ اخراجات مجموعی فنڈز کا 62 فیصد تھے اور ان میں سے 47 کروڑ 50 لاکھ روپے ریکور کرلیے گئے تھے۔

اسی عرصے کے دوران زکوۃ فنڈز کے آڈٹ کے لیے 7 ارب 38 کروڑ روپے کے مجموعی بجٹ کے 13 فیصد حصے کا سیمپل آڈٹ کیا گیا، مجموعی رقم کا 13 فیصد 96 کروڑ 10 لاکھ روپے بنتا ہے جس میں اے جی پی نے 57 کروڑ 40 لاکھ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کی گئی زکوۃ کو ایک فارمولے کے تحت صوبوں کو منتقل کیا جاتا تھا جو مجموعی زکوۃ کا 7 فیصد حصہ دارالحکومت اسلام آباد، فاٹا اور گلگت بلتستان کے لیے رکھنے کی اجازت بھی دیتا تھا۔

اس فنڈ میں سے اسلام آباد کا حصہ 35 فیصد، فاٹا کا 46 فیصد اور گلگت بلتستان کا 19 فیصد ہے۔

اے جی پی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیگر 93 فیصد زکوۃ فنڈز کو صوبوں میں تقسم کردیا جاتا تھا جن میں سے 57 فیصد فنڈز پنجاب، 24 فیصد سندھ، 14 فیصد خیبر پختونخوا اور 5 فیصد بلوچستان کو دیے جاتے تھے۔

مزید برآں وزارت صحت نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ حج کمپلیکس میں قرنطینہ مرکز جس نے 29 مارچ کو آپریشن شروع کیا تھا اسے 29 اپریل کو بند کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وبا کے دنوں میں کس طرح پاکستانی غریبوں کی مدد کر رہے ہیں؟

وزارت صحت نے بتایا کہ یہ مرکز ابتدائی طور پر کووڈ-19 کے ابتدائی پھیلاؤ کے دوران چین میں پھنسے طلبا کی واپسی کے لیے قائم کیا گیا تھا بعدازاں حکومت نے اسے بیرون ملک سے واپس آنے والے مسافروں کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے حج کمپلیکس میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور سیکریٹری صحت کو سہولیات کا جائزہ لینے اور مسائل حل کرنے کا حکم دیا تھا۔

بعدازاں سیکریٹری صحت نے کامسیٹس یونیورسٹی کے قریب ہاسٹل سٹی، پارک روڈ پر حج کمپلیکس سے حال ہی میں منتقل کیے گئے قرنطینہ آپریشنز کا دورہ کیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ نئے مرکز میں مفت خوراک، ہاؤسنگ کیپنگ، لانڈری، ٹیسٹنگ سروسز اور طبی سہولیات سمیت بہتر سہولیات موجود ہیں۔

سیکریٹری صحت نے چک شہزاد میں ایک ارب 30 کروڑ کی لاگت سے تیار کیے جانے والے زیر تعمیر 44 کنال کے آئسولیشن ہسپتال اور انفیکشن ٹریٹمنٹ سینٹر کا بھی دورہ کیا تھا، اس مرکز میں 50 بستروں پر مشتمل آئی سی یو سمیت 250 بستر ہوں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ آئسولیشن مرکز منفرد ہے اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں بھی قائم کیا جانا ہے، یہ مرکز چین کے تعاون اور مالی معاونت سے قائم کیا جارہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024