دنیا بھر میں کورونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز
نئے نوول کورونا وائرس کے نتیجے میں دنیا کے 200 کے قریب ممالک اور خطوں میں لگ بھگ 34 لاکھ افراد متاثر جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔
مگر اس عالمی وبا کے شکار ہونے والے 10 لاکھ 69 ہزار سے زیادہ افراد اس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کو شکست دینے میں بھی کامیاب ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کے اعدادوشمار جاری کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس بیماری سے شکار ہوکر ہلاک ہونے والوں کے مقابلے میں 4 گنا سے زیادہ افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
امریکا میں 11 لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس کا شکار ہوئے جن میں سے کم از کم ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
امریکا کے بعد دوسرے نمبر جرمنی ہے جس کے ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد میں سے ایک لاکھ 29 ہزار اس بیماری کو شکست دے چکے ہیں یعنی 74 فیصد کے قریب افراد۔
اس ملک مں نئے کیسز کی تعداد میں 6 اپریل کے بعد سے کمی آرہی ہے۔
اسپین میں امریکا کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ کیسز 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد سامنے آئے جن میں سے ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں یعنی لگ بھگ 53 فیصد افراد۔
اسپین کے بعد چوتھے نمبر پر اٹلی جس کے 2 لاکھ 9 ہزار میں سے لگ بھگ 80 ہزار اس بیماری کو شکست دے چکے ہیں۔
چین کے لگ بھگ 84 ہزار میں سے 78 ہزار 586 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں اور یہ شرح 90 فیصد سے زیادہ ہے۔
چھٹے نمبر پر ایران ہے جس کے 96 ہزار سے زائد کیسز میں سے 77 ہزار 350 کو صحتیاب قرار دیا جاچکا ہے۔
ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد کیسز کا سامنا کرنے والے ملک ترکی میں 58 ہزار سے زیادہ افراد ریکور کرچکے ہیں جبکہ فرانس ایک لاکھ 67 ہزار کیسز میں سے 50 ہزار افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
برازیل اب تیزی سے اس وبا کا مرکز بن رہا ہے اور اب تک 92 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 38 ہزار سے زائد اب اس بیماری کو شکست دے چکے ہیں۔
ٹاپ 10 میں آخری ملک سوئٹزر لینڈ ہے جس کے 29 ہزار 800 سے زیادہ کیسز میں سے 23 ہزار 900 ریکور کرچکے ہیں۔
اس فہرست میں پاکستان 25 ویں نمبر پر ہے جس کے 18 ہزار 806 کیسز میں سے 4573 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔