پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 17699، اموات 400 سے زائد ہوگئیں
پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر نئے دن کے ساتھ ہی مزید کیسز اور اموات سامنے آرہی ہیں، جس کے بعد اب تک ملک میں متاثرین کی تعداد 17 ہزار 699 جبکہ اموات 408 تک پہنچ چکی ہیں۔
اس طرح ملک میں یکم مئی کو 1032 نئے کیسز جبکہ مزید 23 اموات بھی ریکارڈ کی گئی۔
26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کے پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں اور ان ٹیسٹس کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال دیکھیں تو فروری کے آخری 4 روز اور مارچ کے اختتام تک اس میں بہت زیادہ تیزی نہیں تھی اور 31 مارچ تک 2007 کیسز اور 26 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں۔
تاہم اپریل کے مہینے میں کورونا کے کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا اور ایک ماہ کے دوران یہ تعداد 2 ہزار سے بڑھ کر 16 ہزار کے ہندسے کو عبور کرگئی جبکہ اموات بھی 380 سے تجاوز کرگئیں۔
یہی نہیں بلکہ موجودہ گراف کو دیکھتے ہوئے یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 30 مئی تک ملک میں ڈیڑھ لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
علاوہ ازیں آج مئی کے مہینے کے پہلے روز بھی نئے کیسز سامنے آئے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 622 نئے کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔
واضح رہے کہ یہ سندھ میں ایک دن میں آنے والے اب تک سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سی ایم ہاؤس سندھ کے اکاؤنٹ سے وزیراعلیٰ سندھ کے بیان کو شیئر کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 3384 ٹیسٹ کیے جس میں سے 622 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان نئے کیسز کے بعد سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 6675 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 118 تک پہنچ گئی۔
اپنے بیان میں مراد علی شاہ نے بتایا کہ ان نئے کیسز میں 446 کراچی میں ریکارڈ کیے گئے۔
یاد رہے کہ یہ تعداد کراچی میں ایک دن میں آنے والے کیسز کی بھی سب سے بڑی تعداد ہے۔
پنجاب
پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 120 نئے کیسز کی تصدیق کردی گئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صوبے میں ان کیسز کے اضافے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 6340 تک پہنچ چکی ہے۔
ان متاثرین کی تفصیل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 768 افراد زائرین سنٹرز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی جبکہ 3560 عام شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 30 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔
سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 24 گھنٹوں کے دوران 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 343 تک پہنچ گئی۔
یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ اسلام آباد میں کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ روز کیسز کی تصدیق کے بعد سیکٹر آئی-10 کے 2 رہائشی علاقوں کو سیل کردیا گیا تھا۔
خیبرپختونخوا
ادھر گزشتہ شب خیبرپختونخوا میں 314 نئے کیسز اور 24 اموات کا اضافہ ہوا۔
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رات گئے30 اپریل تک کے اعداد و شمار شیئر کیے۔
اگرچہ انہوں نے اس اعداد و شمار میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 246 نئے کیسز اور 9 اموات رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تاہم مزید 68 کیسز اور 15 اموات کو بھی صوبے کے مجموعی اعداد و شمار میں شامل کیا گیا۔
ان اضافی کیسز اور اموات کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ نمبر اس وقت ڈیجیٹل ریکارڈز میں شامل نہیں کیے گئے جبکہ کہ مینول ریکارڈز سے منتقل ہوئے، مزید یہ کہ یہ ضلعی سطح پر ریکارڈ ہونے والے کیسز کو صوبائی ریکارڈ میں شامل نہیں کیا گیا اور حکام نے ان افراد کے پوسٹ مارٹم ٹیسٹس کیے جن کی وجہ اموات واضح نہیں تھی۔
جمعہ کی شام کو محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا وائرس کے 172 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2799 ہوگئی۔
بیان میں کورونا کے مزید 15 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 161 ہوگئی۔
پشاور میں 10، نوشہرہ میں 2 جبکہ سوات، بٹگرام اور کوہاٹ میں ایک، ایک مریض جاں بحق ہوا۔
بلوچستان
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا کے 87 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 1136 ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مقامی سطح پر متاثرہ افراد کی تعداد 985 ہوگئی ہے۔
بعد ازاں بلوچستان ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ نے 2 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں اموات 16 ہوگئیں۔
گلگت بلتستان
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوئی۔
اس اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 340 ہوگئی ہے۔
صحتیاب افراد
تاہم ان کیسز کے باوجود مریضوں کے لیے اُمید کی کرن لوگوں کا صحتیاب ہونا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 246 مزید مریض صحتیاب ہوگئے۔
جس کے بعد اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4105 سے بڑھ کر 4351 تک پہنچ چکی ہے۔
مجموعی صورتحال
ملک میں اگر مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت پنجاب اور سندھ کے کیسز کی تعداد 6، 6 ہزار سے زائد ہے جبکہ اموات میں خیبرپختونخوا سب سے آگے ہے۔
صوبہ سندھ میں ابھی تک 6675 اور میں پنجاب میں 6340 کیسز سامنے آئے ہیں۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 2799 جبکہ بلوچستان میں 1136 لوگ وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد میں اب تک 343 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں یہ تعداد 340 ہے۔
علاوہ ازیں ملک میں سب سے کم کیسز آزاد جموں و کشمیر میں سامنے آئے ہیں اور وہاں متاثرین کی تعداد 66 ہے۔
مزید برآں ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
- خیبرپختونخوا: 161
- سندھ: 118
- پنجاب: 106
- بلوچستان: 16
- اسلام آباد: 04
- گلگت بلتستان: 03
- آزاد کشمیر: کوئی نہیں
پاکستان میں کورونا وائرس
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 17 ہزار 611 ہوچکی ہے۔
پاکستان میں اموات
ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔
تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 380 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔
ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔