• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 شہری شہید، 2 زخمی

شائع April 30, 2020
اپریل کے مہینے میں بھارتی فوک کی بلااشتعال فائرنگ سے اب تک 4افراد جاں بحق ہو چکے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
اپریل کے مہینے میں بھارتی فوک کی بلااشتعال فائرنگ سے اب تک 4افراد جاں بحق ہو چکے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔

بھارت کی جانب سے یہ سیز فائر کی خلاف ورزی ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب چند گھنٹے قبل ہی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کر کے بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

بھارت فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کے رخ چکری سیکٹر میں ہوئیں۔

حویلی میں سینئر پولیس عہدیدار شوکت مرزا نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے شام ساڑھے پانچ بجے بھاری ہتھیاروں سے شیلنگ شروع کی جس میں مارٹر اور آرٹلری کا استعمال کیا گیا اور یہ سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے مسلسل جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شیلنگ کے نتیجے میں گاؤں کیرنی کی 50 سالہ راشدہ بی بی جاں بحق اور ان کا 11سالہ بیٹا زخمی ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسی گاؤں میں 16 سالہ زوبیہ بھی شہید ہو گئیں جبکہ فائرننگ کے نتیجے میں 55 سالہ روشن بی بی زخمی بھی ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، خاتون شہید

دونوں زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں فوج کے زیر انتظام چلائے جانے والے ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سیکریٹری سول ڈیفنس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سید شاہد محی الدین قادری کے مطابق صرف اپریل کے مہینے میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 4 شہری جاں بحق اور 24 زخمی ہو چکے ہیں۔

2020 کے آغاز سے اب تک بھارتی دراندازی کے نتیجے میں کمسن بچے سمیت کم از کم 6 افراد شہید اور 61 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ لوگوں کی املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، 2 سالہ بچہ جاں بحق، 4 زخمی

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کو بھارتی اقدامات پر خاموشی اختیار کرنے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی کے نتیجے میں دو انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عالمی برادری کو ایک مرتبہ پھر خبردار کرتا ہوں کہ بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات پر آنکھیں بند کرنے کے جنوبی ایشیا پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

واضح رہے کہ دو دن قبل بھی بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر کی رہائشی خاتون شہید اور ایک بچی زخمی ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی سینئر سفارت کار دفتر خارجہ طلب

پاکستان نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے شہری کی ہلاکت اور سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا تھا۔

اس سے قبل بھی 13 اپریل کو بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 سالہ بچہ جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024