• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا سے متاثر رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کے خاندان کے 8 افراد وائرس کا شکار

شائع April 29, 2020
رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید—فائل فوٹو: فیس بک
رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید—فائل فوٹو: فیس بک

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے سندھ کے رکن اسمبلی سید عبدالرشید کے خاندان کے 8 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ٹکٹ پر کراچی کے علاقے لیاری کی صوبائی اسمبلی کی نشست (پی ایس-108) سے منتخب ہونے والے عبدالرشید میں گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

جس کے بعد انہوں نے سیلف آئیسولیشن اختیار کرلی تھی جبکہ اہل خانہ کا بھی کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

رکن سندھ اسمبلی کے خاندان کے افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آج سامنے آگئے اور 8 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

مزید پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس کا شکار

اس حوالے سے سید عبدالرشید نے ڈان کو بتایا کہ ان کے خاندان کے افراد کے ٹیسٹ کیے گئے تھے، جس میں سے 8 افراد میں یہ وائرس منتقل ہوا۔

سید عبدالرشید کے مطابق متاثر ہونے والوں میں ان کی والدہ، اہلیہ، بہن اور بچے شامل ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ان کی اور خاندان کے دیگر افراد کی طبیعت بہتر ہے اور تمام افراد گھر ہی میں آئیسولیٹ ہیں۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی والدہ کے سوا گھر کے کسی بھی فرد میں کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

یہاں یہ واضح رہے کہ سید عبدالرشید پہلے سیاست دان نہیں جو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے بلکہ اس کے علاوہ بھی ملک میں متعدد سیاست دان و دیگر شخصیات بھی وائرس کا شکار ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ کراچی میں مختلف ایسے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جہاں ایک فرد سے مختلف لوگ وائرس سے متاثر ہوئے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس انسان سے انسان میں منتقل ہونے والا وائرس ہے اور پاکستان میں اس کے مقامی طور پر منتقلی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

گزشتہ دنوں سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے سیلف آئیسولیشن اختیار کرلی تھی۔

اس سے قبل سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔

مزید یہ کہ سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی میں بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ 2 مرتبہ مثبت آیا تھا تاہم کچھ روز کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بعد ان کا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں آج آنے والے کیسز اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے، مراد علی شاہ

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 335 افراد وائرس سے لقمہ اجل بھی بنے ہیں۔

اس وائرس سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے، جہاں اب تک متاثرین کی تعداد 5695 ہے جبکہ اس وائرس سے 100 افراد یہاں انتقال بھی کرچکے ہیں۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ سندھ میں سامنے آنے والے ان کیسز میں تقریباً 4 ہزار صرف کراچی میں ہیں جبکہ یہاں اموات بھی 80 سے زیادہ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024