• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

تھرپارکر سے رکن سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ بھی کورونا کا شکار ہوگئے

شائع April 29, 2020
رانا ہمیر سنگھ — فوٹو: سندھ اسمبلی ویب سائٹ
رانا ہمیر سنگھ — فوٹو: سندھ اسمبلی ویب سائٹ

تھرپارکر سے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر منتخب رکن سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

چند روز قبل جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالرشید نے مٹھی میں وینٹی لیٹر روم کا افتتاح کیا تھا۔

اس موقع پر رانا ہمیر سنگھ اور رکن قومی اسمبلی مہیش ملانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایم پی اے عبدالرشید میں کورونا کی تصدیق کے بعد میڈیکل ٹیم نے تھرپارکر سے 26 لوگوں کے نمونے ٹیسٹ کے لیے تھے جن میں رانا ہمیر سنگھ بھی شامل تھے۔

سندھ سے جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید میں 24 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کورونا وائرس کا شکار

سید عبدالرشید لیاری سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس-108 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں کورونا وائرس کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ سماجی سرگرمیوں میں مصروف تھا اور ڈاکٹرز کی ہدایت پر میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا اور مجھ میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں فوری طور پر ہوم آئسولیشن میں آ گیا ہوں، فی الحال کسی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور دو تین دن آئسولیش میں رہنے کے بعد میں ٹیسٹ دوبارہ کرواؤں گا۔

منگل کے ہی روز ایوان بالا (سینیٹ) کے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: رکن قومی اسمبلی،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی میں کورونا کی تصدیق

سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد خان آفریدی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے پشاور گئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ دن پہلے انہیں بخار اور جسم میں درد محسوس ہوا اور پھر انہوں نے 'حفاظتی اقدامات' کے طور پر اپنا ٹیسٹ کروایا، جس کا نتیجہ آج مثبت آگیا۔

مرزا محمد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت لاہور میں اپنے گھر میں آئیسولیشن میں ہیں اور بہتر محسوس کر رہے ہیں تاہم انہوں نے تجویز دی کہ مجھ سے ملاقات کرنے والے بھی اپنا ٹیسٹ ضرور کروالیں۔

گزشتہ روز سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل نے بھی خود میں وائرس کی تشخیص ہونے کی تصدیق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس کا شکار

رواں ماہ ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران بنگش بھی کورونا کی وبا کا شکار ہوئے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے وہ پہلے سیاستدان تھے جن میں 23 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، تاہم انہوں نے چند روز میں ہی صحتیاب ہوکر اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024