• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نیویارک میں کورونا وائرس کا دباؤ، ڈاکٹر نے خودکشی کرلی

شائع April 28, 2020
— فوٹو بشکریہ  نیویارک پریسبیٹرین ایلن ہاسپٹل
— فوٹو بشکریہ نیویارک پریسبیٹرین ایلن ہاسپٹل

امریکا میں نئے نوول کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر شہر نیویارک میں کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج میں ہروقت مصروف رہنے والی ڈاکٹر نے خودکشی کرلی۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق نیویارک پریسبیٹرین ایلن ہاسپٹل کے شعبہ ایمرجنسی کی میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر لورنا برین اتوار کو اورجینیا میں خاندانی گھر میں مردہ پائی گئیں۔

49 سالہ ڈاکٹر لورنا کے والد ڈاکٹر فلپ سی برین نے بتایا 'وہ اپنا کام کرنے کی کوشش کررہی تھی اور اس نے اسے ہلاک کردیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھی اور ریکوری کے ڈیڑھ ہفتے بعد دوبارہ کام پر لوٹ گئی تھی، مگر ہسپتال نے اسے گھر واپس بھیج دیا تھا، جس کے بعد گھروالے اسے اپنے پاس ورجینیا لے آئے تھے۔

ڈاکٹر فلپ نے بتایا کہ ان کی بیٹی میں ذہنی بیماری کی کوئی تاریخ نہیں تھی مگر آخری بار جب انہوں نے لورنا سے بات کی تو ایسا لگتا تھا کہ جیسے کچھ غلط ہے۔

ڈاکٹر لورنا نے نیویارک میں کام سے متعلق کچھ چیلنجز کا ذکر کیا تھا، جہاں ملک میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں، بشمول ایسے مریضوں کے جو ہسپتال منتقلی کے دوران ایمبولینسز میں چل بسے۔

ڈاکٹر فلپ نے اپنی بیٹی کو وبا کے ہیروز میں سے ایک قرار دیا اور ہسپتال نے بھی ایک بیان میں کہا 'ڈاکٹر لورنا ایک ہیرو ہیں، ہماری توجہ ان کے خاندان، دوستوں اور ساتھیوں کو سپورٹ فراہم کرنے پر مرکوز ہے تاکہ وہ اس غم سے باہر نکل سکیں'۔

مقامی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر لورنا کی موت خودکشی سے ہوئی اور زور دیا کہ طبی ماہرین پر بہت زیادہ تنائو اس کا نتیجہ ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'روزانہ کی بنیاد پر طبی ماہرین بہت زیادہ پرتنائو صورتحال سے گزرتے ہیں، اور کورونا وارئس نے اس میں مزید اضافہ کردیا ہے، ذاتی حفاظتی آلات یا پی پی ای سے وائرس سے بچنے میں مدد ملتی ہے مگر اس سے ہیروز جیسے ڈاکٹر لورنا برین کو تحفظ نہیں ملتا، جو اس بیماری کے نتیجے میں ذہنی اور جذباتی طور پر بری طرح متاثر ہورہے ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024