• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 258 کیسز، متاثرین کی تعداد 3700 سے زائد

شائع April 28, 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ—اسکرین شاٹ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ—اسکرین شاٹ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے 6 اضلاع کے کیسز کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ شہر قائد میں مزید 258 افراد وائرس سے متاثر ہوگئے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 112 ٹیسٹ کیے جو آج تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے اور ہم نے پہلی مرتبہ 4 ہزار ٹیسٹ کو عبور کیا، اس طریقے سے اب تک ٹیسٹ کی تعداد 41 ہزار 61 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 335 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 5291 ہوگئی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایک خوش آئند بات یہ ہے کہ ہماری معمول کی لوگوں کی متاثر ہونے کی شرح 11 سے 12 فیصد تھی لیکن 24 گھنٹوں میں یہ 8.15 فیصد ہے، تاہم اب تک کیے گئے مجموعی 41 ہزار 61 ٹیسٹ میں سے 5 ہزار 291 مثبت آئے ہیں، تو یہ شرح 11 فیصد ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں متاثرین 14300، اموات 301 ہوگئیں

بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 افراد صحتیاب ہوئے ہیں، جس کے بعد اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7 افراد کا انتقال ہوا جس سے اموات کی یہ تعداد 92 تک پہنچ گئی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ اس وقت 4215 فعال کیسز ہیں، جن میں 2915 ہوم آئیسولیشن، 872 سرکاری آئیسولیشن سینٹرز اور 449 ہسپتالوں میں ہیں جبکہ 13 وینٹی لیٹر پر ہیں اور 35 کی حالت تشویش ناک ہے۔

کراچی کے اضلاع سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ضلع جنوبی میں متاثرہ افراد زیادہ ہیں اور مزید 89 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ضلع شرقی میں 53 اور ضلع وسطی میں 43 ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ضلع کورنگی میں 28، ضلع غربی میں 24 اور ضلع ملیر میں 21 کیسز ہیں۔

اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں 258 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر میں کورونا متاثرین کی تعداد 3782 تک پہنچ گئی ہے۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ گزشتہ روز کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مجموعی اموات میں سے 79 صرف کراچی میں رپورٹ ہوئی تھیں۔

صوبے کے دیگر اضلاع کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں 17 اور جیکب آباد میں 10 کیسز آئے ہیں جو ایک فرد کے رابطے کے کیسز تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سندھ پولیس کے انسپکٹرز سمیت 51 اہلکار کورونا وائرس کا شکار

انہوں نے بتایا کہ شہید بینظیرآباد اور ٹنڈو محمد خان میں 6، 6، لاڑکانہ اور سانگھڑ میں 5، 5، دادو میں 3 اور نوشہرو فیروز میں ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔

ٹیسٹنگ کے طریقہ کار سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ہم جو طریقہ اختیار کر رہے ہیں وہ ٹریس ٹیسٹ اینڈ ٹریٹ ہے یعنی پہلے ہم مریض کو ٹریس کرتے ہیں کہ اگر اس کا کسی مثبت فرد سے رابطہ ہوا ہو، اس کے بعد ٹیسٹ کرتے ہیں اور پھر اگر وہ مثبت آئے تو آئیسولیشن میں رکھتے ہیں جبکہ اگر منفی آئے تو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہتے ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو بہت احتیاط کرنی چاہیے، یہ وائرس مقامی طور پر منتقلی اختیار کرچکا ہے، ہم سب کو ضرورت ہے کہ اپنے اور اپنے پیاروں کے لیے احتیاط کریں کیونکہ یہ ہوتا ہے کہ جوانوں میں اس کی علامات نہ آئیں لیکن جن کی عمر زیادہ ہے اور انہیں کوئی دوسرا مرض ہے ان پر یہ بہت جلدی حملہ کرتا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ سندھ اور پاکستان کے عوام نے جس طرح اس آزمائش کا مقابلہ کیا ہے ہم اس پر جلد قابو پالیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024