• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا وائرس: سلینا گومز کے گانے پر نرسز کا رقص

شائع April 28, 2020
امریکی گلوکارہ سلینا گومز — فوٹو: انسٹاگرام
امریکی گلوکارہ سلینا گومز — فوٹو: انسٹاگرام

دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے باعث اگر کوئی اس وقت سب سے زیادہ خطرے میں ہے تو وہ کوئی اور نہیں بلکہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ ہے جو اس جنگ کے خلاف سب سے آگے کھڑے ہیں۔

یقیناً کورونا کے خلاف یہ جنگ آسان نہیں لیکن ایسے میں سوشل میڈیا پر کئی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی ایسی ویڈیوز بھی سامنے آئیں جن میں وہ اپنی تھکن دور کرنے کے لیے رقص کرتے نظر آئے۔

سوشل میڈیا پر صارفین ڈاکٹرز کی ان ویڈیوز کو خوب پسند کرتے بھی نظر آئے۔

ایلے ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا پر دو نرسز کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جو امریکی گلوکارہ و اداکارہ سلینا گومز کے گانے پر رقص کرتی نظر آئیں۔

یہ دونوں نرسز سلینا گومز کے نئے البم ’ریئر‘ کے گانے ’بوائے فرینڈ‘ پر رقص کرتی نظر آئیں۔

جہاں ان کے اس رقص کو لوگوں نے خوب پسند کیا وہیں گلوکارہ سلینا گومز نے خود بھی ان نرسز کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اس ویڈیو نے مجھے مسکرانے پر مجبور کردیا، میں طبی عملے کا شکریہ ادا کرتی ہوں، آپ ہمارے ہیرو ہیں‘۔

یاد رہے کہ رواں ماہ سلینا گومز نے اعلان کیا تھا کہ ان کے نئے البم ’ریئر‘ کے ہر آرڈر سے وہ ایک ڈالر کورونا متاثرین کے لیے عطیہ کریں گی۔

اس البم میں گلوکارہ نے تین گانے ریلیز کیے جن میں سے ایک ’بوائے فرینڈ‘ یے۔

واضح رہے کہ ان نرسز نے یہ ویڈیو ٹک ٹاک ایپ کے ذریعے بنائی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ایسی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئیں جس میں وہ مشہور گانوں پر زبردست رقص کرتے نظر آئے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹرز کے رقص پر اشنا شاہ کی تنقید اور پھر معافی

جہاں مداحوں نے ان ویڈیوز کو سراہا وہیں پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے ڈاکٹرز کے رقص کی ایک ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے اسے وقت کا ضیاع قرار دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے معافی بھی مانگ لی تھی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک متاثرین کی تعداد 30 لاکھ سے زائد جبکہ اموات 2 لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

کورونا وائرس کے اعداد وشمار جاری کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 30 لاکھ 65 ہزار 176 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

پاکستان کی بات کی جائے تو یہاں متاثرین کی تعداد 13965 جبکہ اموات 294 ہوگئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024