• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس کا شکار

شائع April 27, 2020
عمران خان نے ہمیں مشکلات سے لڑنا سکھایا ہے، گورنر سندھ — فائل فوٹو / ٹوئٹر
عمران خان نے ہمیں مشکلات سے لڑنا سکھایا ہے، گورنر سندھ — فائل فوٹو / ٹوئٹر

سندھ کے گورنر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عمران اسمٰعیل نے کہا کہ 'مجھ میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، لیکن اللہ کرم کرنے والا ہے اور میں اس کا مقابلہ کروں گا۔'

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان نے ہمیں مشکلات سے لڑنا سکھایا ہے اور میرے خیال میں یہ اس سے بلکل مختلف نہیں ہے جو ہم نے سیکھا ہے۔'

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان میں سیاسی رہنما کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

دو روز قبل متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران بنگش میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: ایم این اے منیر اورکزئی،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی میں کورونا کی تصدیق

کامران بنگش کا کورونا کا ٹیسٹ ہفتہ کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کی لیبارٹری میں ہوا جس کا نتیجہ مثبت آیا۔

معاون خصوصی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں وائرس کی کچھ علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد انہوں نے ٹیسٹ کرایا جس میں ان کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مشورے پر انہوں نے خود کو گھر میں ہی آئیسولیٹ کر لیا ہے اور وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

دوسری جانب قبائلی ضلع اورکزئی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کو وائرس کی تصدیق کے بعد حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے آئیسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا تھا۔

قبل ازیں وزیر تعلیم سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیت لی اور وہ صحتیاب ہوگئے تھے۔

سعید غنی 23 مارچ کو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سعید غنی کورونا وائرس سے جنگ جیت کر صحتیاب ہوگئے

ٹوئٹر پر ہی ایک ویڈیو میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاحال جو علامات اس وائرس کی بتائی جاتی ہیں ان میں سے انہیں کچھ محسوس نہیں ہورہا اور وہ خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہے ہیں۔

30 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو ٹوئٹ میں سعید غنی نے بتایا کہ 'الحمدللّٰہ، آج میرے کورونا وائرس کے ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق میں بالکل صحت مند ہوں اور جہاں سے کام چھوڑا تھا سے وہیں سے دوبارہ شروع کروں گا۔'

24 اپریل کو سندھ سے جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

سید عبدالرشید لیاری سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس-108 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں کورونا وائرس کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ سماجی سرگرمیوں میں مصروف تھا اور ڈاکٹرز کی ہدایت پر میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا اور مجھ میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں فوری طور پر ہوم آئسولیشن میں آ گیا ہوں، فی الحال کسی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور دو تین دن آئسولیش میں رہنے کے بعد میں ٹیسٹ دوبارہ کرواؤں گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024