• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

فردوس عاشق کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ معاون خصوصی اطلاعات مقرر

شائع April 27, 2020 اپ ڈیٹ April 28, 2020
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کردیا جبکہ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے عہدہ واپس لے لیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کی جگہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو وزیر اعظم کا نیا معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عاصم سلیم باوجوہ کو اعزازی طور پر وزیر اعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔

قبل ازیں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹ کے ذریعے وفاقی کابینہ میں ہونے والی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شبلی فراز اور عاصم سلیم باجوہ مل کر ایک بہترین ٹیم بنائیں گے۔

فواد چوہدری، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سے قبل وزیر اطلاعات بھی رہ چکے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ میں کہا کہ 'وزیر اعظم ⁦عمران خان ⁩کا شکریہ جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، ایک سال کے عرصے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں سے فرائض سرانجام دینے کی کوشش کی، جبکہ میں وزیر اعظم کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔'

یاد رہے کہ فردوس عاشق اعوان 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکمرانی میں وفاقی وزیر اطلاعات رہ چکی ہیں، بعد ازاں وہ عام انتخابات میں شکست کھانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئی تھیں۔

سیاسی جماعت تبدیل کرنے کے باوجود 2018 کے عام انتخابات میں بھی اُنہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہیں گزشتہ سال 18 اپریل کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کیا گیا تھا، اس طرح وہ ایک سال 9 روز اس عہدے پر براجمان رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ میں رد و بدل، خسرو بختیار اور حماد اظہر کے قلمدان تبدیل

شبلی فراز کون ہیں؟

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز کو اگست 2018 میں سینیٹ میں قائدِ ایوان مقرر کیا تھا۔

وہ شبلی فراز 2015 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

شبلی فراز ایوان بالا میں قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل اور تجارت اور قائمہ کمیٹی برائے گردشی قرضہ کے چیئرمین کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

شبلی فراز پاکستان کے معروف شاعر فراز احمد فراز کے صاحبزادے ہیں۔

عاصم سلیم باجوہ کون ہیں؟

لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ ریٹائرمنٹ سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)، ڈی جی آرمز اور کمانڈر سدرن کمانڈ سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے۔

گزشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت نے انہیں پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کا چیئرپرسن مقرر کردیا تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ میں یہ ایک ماہ میں دوسری تبدیلی ہے۔

6 اپریل کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مخدوم خسرو بختیار کو وفاقی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سے ہٹا دیا ہے اور انہیں اقتصادی امور کا وفاقی وزیر بنا دیا گیا ہے۔

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام اب قومی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سنبھالیں گے۔

اسی طرح حماد اظہر وزیر اقتصادی امور کی جگہ اب وزیر صنعت کا قلمدان سنبھا لیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

علی Apr 27, 2020 08:13pm
الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔ جب غیر منتخب افراد نے ہی حکومت امور سرانجام دینے ہیں۔ عمران خان کے اس فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی ہے ۔ اس سے فوج کی عزت / وقار میں کمی ہوگی ۔ افسوس ناک فیصلہ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024